کراچی (خصوصی رپو رٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے گلگت بلتستان میں گزشتہ سات روز سے جاری احتجاج پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کا فیصلہ کئے بغیر ان پر ظالمانہ ٹیکس عائد کرنا صریحاً اخلاقی تقاضوں کی خلاف ورزی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان گلگت بلتستان کے عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور ان پر ٹیکس نافذ کرنے کے اقدامات کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھانے کا عہد کرتے ہیں۔ ہم پاکستان کی پارلیمنٹ میں اس مسئلے کو اٹھائیں گے اور حکومت پاکستان مطالبہ کرتے ہیں کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کا فیصلہ کرکے اسے یا تو صوبے کا درجہ دیا جائے یا پھر پاکستان میں ضم کرکے اسے وہ تمام حقوق دیئے جائیں جو پاکستان کے شہریوں کو حاصل ہیں۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز واقع بہادر آباد پر مرکزی شعبہ اطلاعات کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کنونیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، کامران ٹیسوری، رکن رابطہ کمیٹی و انچارج شعبہ اطلاعات سید امین الحق بھی موجود تھے۔ اجلاس میں شعبہ اطلاعات اور اس کے ذیلی شعبوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
.گلگت بلتستان کے عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہا رکر تے ہیں ، فاروق ستار
Dec 28, 2017