لاہور (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے انسداد دہشت گردی لیفٹینٹ کرنل (ر) سردار ایوب خان گادھی نے کہا ہے کہ جدید ہتھیاروں سے لیس، منظم اورا علی تربیت یافتہ سپیشل آپریشنز یونٹ کا دستہ فرض شناسی اور بہادری کی نئی روایات قائم کرتے ہوئے پنجاب پولیس کے ماتھے کا جھومر ثابت ہوگا اوردرپیش تمام چیلنجز میں خطرناک ڈاکوؤںاور دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں ہراول دستے کاکردار ادا کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح ایلیٹ فورس کو پنجاب پولیس میں نمایاں حیثیت حاصل ہے اسی طرح سپیشل آپریشنز یونٹ کے سر بکف جوان اپنی پیشہ ورانہ قابلیت سے ایثار ، قربانی اور بہادری کی نئی روایات قائم کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ایلیٹ ٹریننگ سنٹر بیدیاں میں سپیشل آپریشنز یونٹ کے پاس آؤ ٹ ہونے والے پہلے دستے کی پریڈ کے دوران شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی امجد جاوید سلیمی نے بطور قائم مقام انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شرکت کی ۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سپیشل آپریشنز یونٹ کی تربیت پاکستان آرمی کی بہترین یونٹ ایس ایس جی سے ریٹائرڈ انتہائی قابل افسران کی زیر نگرانی مکمل ہوئی ہے جن کی قابلیت نے سپیشل آپریشنز یونٹ کے ان جوانوں ایسی دو دھاری تلوار بنادیا ہے۔پاسنگ آؤٹ پریڈ میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر ، ایڈیشنل آئی جی ویلفئیر اینڈ فنانس محمد طاہر ، سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس ، ڈی آئی جی آپریشنز عامر ذوالفقار خان ، ڈی آئی جی ٹریننگ وقار عباسی،ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ سید خرم علی شاہ ،ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایڈمن سپیشل برانچ شاہد حنیف ، ڈی آئی جی ایلیٹ فورس محمد افضل بٹ ، کمانڈنٹ ایلیٹ ٹریننگ سنٹر لیفٹینٹ کرنل پرویز اقبال سمیت دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی ۔