دھند جاری، اہم شاہراہوں پر حدنگاہ انتہائی کم، حادثات میں ایک جاں بحق، متعدد زخمی

Dec 28, 2018

فیصل آباد+ مانانوالہ+ اوکاڑہ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگاران) پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند سے ریلوے، فلائٹ آپریشن متاثر موٹر وے ایم ون ایم ٹو ایم تھری ٹریفک کے لیے بند رہا، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ بڑی گاڑیاں فوگ لائٹ استعمال کریں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے پنجاب بھر کے میدانی علاقوں میں دھند کا راج ہے، حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے موٹر وے ایم 1ایم 2ایم 3ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گئی۔ موٹر وے حکام نے موٹر وے پر سفر کر نے والی گاڑیوںکو فوگ لائٹ کا استعمال کرنے کی ہدایت کر دی، شدید دھند سے ریلوے اور فلائٹ آپریشن متاثر رہا۔ ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق متعدد زخمی ہوئے۔ گزشتہ روز علی الصبح مانانوالہ کے نواحی لاہور فیصل آباد روڈ پر کڑکن چوک میں دھند کے باعث لاہور سے فیصل آباد جانے والی بس یو ٹرن پر مڑتی اینٹوں سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکراگئی۔ اسی اثناء میں پیچھے سے آنے والے ٹرک نے بس کو ٹکر مار دی۔ ڈرائیور تنویر احمد سکنہ فیصل آباد، بس میں سوار متعدد مسافر شدید زخمی ہو گئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ داخل کروا دیا جہاں تنویر احمد کی حالت تشویشناک بیان کی گئی۔ پپلی پہاڑ روڈ پر دھند کے باعث موٹرسائیکل کو تیزرفتار کیری ڈبہ نے ٹکر مار دی جس سے موٹرسائیکل پر سوار موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی کو مقامی ہسپتال پہنچا دیا گیا۔

مزیدخبریں