اسلام آباد(اے این این) آڈٹ رپورٹ میں ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کا اسلحہ غیر قانونی طورپرخریدنے کا انکشاف سامنے آیا ہے جس کے بعد اے ایس ایف کی جانب سے خریدے گئے اسلحہ کو مشکوک قرار دے دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ سیکورٹی فورس (اے ایس ایف)کا آڈٹ رپورٹ میں غیر قانونی طور پراسلحہ خریدنے کے انکشاف کے بعد آڈیٹر جنرل نے خریدے گئے اسلحہ کو مشکوک قرار دیدیا ہے۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق اے ایس ایف کے خریدے گئے اسلحہ کا کوالٹی اینڈ کوانٹٹی سرٹیفکیٹ ہے نہ سٹاک انٹری، اے ایس ایف نے 3 مختلف کمپنیوں سے 24 کروڑ31لاکھ روپے کا اسلحہ خریدا، میسرزپیراگون ملٹی سروسزکمپنی سے 10کروڑ90 لاکھ میں 365 نائن ایم ایم پسٹل اور1030،39 ایم ایم ایس ایم جیزخریدیں گئیں، میسرزپاک جاپان ٹریڈنگ کمپنی سے 8 کروڑ48 لاکھ روپے میں امریکی ساختہ 160، 39 ایم ایم اور150 ،45 ایم ایم ایس ایم جیزخریدی اورمیسرز ظفر اینڈ اظفر کمپنی سے 4 کروڑ 91 لاکھ روپے میں 1175 چینی ساختہ 39 ایم ایم ایس ایم جیز کی بھی خریداری کی۔آڈٹ رپوٹ کے مطابق اے ایس ایف کے خریدا گیا اسلحہ اسٹاک انٹری میں بھی موجود نہیں جس کے بعد آڈیٹرجنرل نے غیرقانونی کام کرنے والے ذمہ داران کا تعین کرکے کارروائی کی سفارش کردی ہے۔دوسری جانب ترجمان اے ایس ایف کرنل عاطف کا کہنا ہے کہ آڈٹ میں اے ایس ایف کے اسلحہ کو مشکوک قراردینا مناسب نہیں۔ اے ایس ایف کے پاس خریدے گئے اسلحے کا تمام ریکارڈ موجود ہے۔ اسلحہ خریداری کے سرٹیفکیٹ نہ ہونے کی باتین من گھڑت اور بے بنیاد ہیں جب کہ اے ایس ایف کیخلاف آڈٹ اعتراضات حقائق سے برعکس ہیں۔