فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) کمشنر فیصل آباد 41ویں نیشنل کبڈی چیمپئین شپ میں شرکت کیلئے تمام ٹیموں کے تربیتی کیمپ ماہر کوچز کی زیر نگرانی جاری ہیں ۔ عالمی کبڈی مبصر محمدطیب گیلانی کے مطابق ایئرفورس اور سوئی ناردرن گیس کاتربیتی کیمپ فیصل آباد میں، آرمی کا تربیتی کیمپ اوکاڑہ میں ، واپڈا اور ریلویز کاتربیتی کیمپ لاہور میں، پولیس کا تربیتی کیمپ ساہیوال میں، پی او ایف اورہائر ایجوکیشن کمیشن وراسلام آباد کی کبڈی ٹیم کاتربیتی کیمپ اسلام آباد میں بھارتی پنجاب کبڈی ٹیم کاکیمپ گرونانک سٹیڈیم لدھیانہ اورایران کبڈی ٹیم کا تربیتی کیمپ آزادی سپورٹس کمپلیکس مشہد میں ‘خیبر پختون خواہ کبڈی ٹیم کاکیمپ پشاور میں ،سندھ کبڈی ٹیم کا کیمپ سکھر میں اوربلوچستان کبڈی ٹیم کا تربیتی کیمپ کوئٹہ میں جاری ہے۔ تمام ٹیمیں مقابلہ جات میں حصہ لینے کے لیے بھرپور تیاری کررہی ہیں ۔ کمشنر فیصل آباد آصف اقبال چوہدری نے آرگنائزنگ کمیٹی کو بہترین انتظامات کرنے کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں انٹرنیشنل ٹیمیںاورتمام صوبائی ٹیمز ، آفیشلزکی رہائش کے لیے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں ۔ کمشنرفیصل آباد کی طرف سے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ہیں۔آرگنائزنگ سیکرٹری محمدطیب گیلانی نے بتایا کہ نیشنل کبڈی چیمپئین شپ کاانعقاد فیصل آباد میں 19سال بعد ہورہا ہے جس میں پاکستان ائیر فورس کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی ۔انہوںنے کہاکہ یہ ایونٹ فیصل آباد کی تاریخ کا سب سے بڑا ایونٹ ہے جس میں ورلڈ رینکنگ کی بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جس کے لیے کھلاڑیوں اور کبڈی شائقین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔