امریکا کا دگنی رفتار سے پروازکرنےوالا جدید ترین ہیلی کاپٹرپہلی مرتبہ منظرِ عام پر آگیا

Dec 28, 2018 | 21:03

ویب ڈیسک

امریکا نے اپنے جدید ترین ہیلی کاپٹر کی اولین ویڈیو اور تصاویر ریلیز کردی ہیں جسے انقلابی ہیلی کاپٹر ڈیزائن قرار دیا جارہا ہے۔ ہیلی کاپٹر کو ایس بی ون ڈیفیئنٹ کا نام دیا گیا ہے جس کے معنی بے باک اور دلیر کے ہیں۔یہ جدید ترین ہیلی کاپٹر کسی بھی دوسرے جدید ہیلی کاپٹر سے دگنی رفتار سے پرواز کرتا ہے اور بے حد پھرتیلا اور متحرک ہے۔ اسی بنا پر مستقبل میں یہ بلیک ہاک کی جگہ لے سکے گا۔ ہیلی کاپٹر کی تیاری اور ڈیزائننگ میں 10 برس کا عرصہ لگا ہے اور اگلے سال کے وسط تک اسے مختلف پروازوں سے گزارا جائے گا۔اس کی تیاری کیلئے امریکی افواج نے فیوچر ورٹیکل لائف ( ایف وی ایل) کے نام سے ہیلی کاپٹروں کی ڈیزائننگ کا ایک منصوبہ 2008 میں شروع کیا تھا۔ عراق اور افغانستان میں ہیلی کاپٹروں کے دورانِ پرواز کئی حادثات کے بعد ماہرین نے تجویز پیش کی کہ پنکھڑیوں کو نئے سرے سے بنایا جائے اور اس کے بعد یہ دہری پنکھڑی والا حیرت انگیز ہیلی کاپٹر بنایا گیا۔امریکی بوئنگ اور سِکورسکی کمپنی نے مشترکہ طور پر اسے تیار کیا ہے۔ یہ ایک غیر روایتی ہیلی کاپٹر ہے جس میں پروپلشن کا دہرا نظام ہے۔ دہرے نظام کے تحت اس میں ڈبل روٹر لگے ہیں جن میں سے ایک عمودی (ورٹیکل)اٹھان فراہم ہوتی ہے۔ دوسرا پشر پروپیلر ہے جو ہیلی کاپٹر کو آگے کی جانب تیزی سے دھکیلتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ روایتی ہیلی کاپٹروں سے اس کی رفتار دگنی ہے تاہم اس کے دعووں پر بحث بھی کی جارہی ہے۔ ایک ریٹائرڈ ٹیسٹ پائلٹ نے بتایا کہ سکورسکی کمپنی نے 2011میں ایک ایسا ہی پروجیکٹ شروع کیا تھا جسے 2017 میں ختم کردیا گیا تھا۔ پنکھڑیوں کی تبدیل شدہ ڈیزائن والے ہیلی کاپٹروں میں خرابی یہ تھی کہ ان کی لینڈنگ سخت دھچکے دار تھی جس میں پائلٹ ہل کر رہ جاتا تھا۔ انہوں نے ہیلی کاپٹر کی برق رفتاری کے دعوے پر بھی شک کا اظہار کیا ۔

مزیدخبریں