نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے 50 لاکھ کے بعد مقامی عدالت نے بھی خلائی سائنس دان نمبی نارایانن کو جاسوسی کے جھوٹے مقدمے میں پھنسانے پر کیرالہ حکومت پر ہرجانہ عائد کردیا۔ جس کے بعد ہرجانے کی مجموعی رقم ڈیڑھ کروڑ روپے ہوگئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دشمن ملک کیلئے جاسوسی کرنے کے الزام میں انڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن (ISRO) کے سائنس دان نمبی نارایانن کو 24 سال بعد انصاف مل گیا۔ بھارتی سپریم کورٹ نے کیرالہ حکومت کو خلائی سائنس دان کو 50 لاکھ ہرجانہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔ جس کے بعد ایک مقامی عدالت نے بھی کیرالہ حکومت پر ہرجانہ عائد کیا تھا۔ کیرالہ حکومت نے 77 سالہ بھارتی خلائی سائنس دان نمبی ناریانن کو مجموعی طور پر ڈیڑھ کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف جسٹس دیپک مشرا کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں مزید لکھا تھا کہ ہرجانے کی رقم ان پولیس افسران سے لی جائے جنہوں نے سائنس دان نمبی نارایانن کو جاسوسی جیسے سنگین اور حساس معاملے میں جھوٹے مقدمے میں پھنسایا۔