اسلام آباد(نا مہ نگار)انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے صدر پروفیسر ڈاکٹر احمد یوسف احمد الدریویش نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب ہیں اور دونوں برادر ممالک اعتدال ، رواداری اور امن کے فروغ کے لیے کام کررہے ہیں جس کے بہترین نتائج سامنے آنے شروع ہو گئے ہیں۔ڈاکٹر دریویش نے یہ بات قائد اعظم کا وییژن اور نوجوانان پاکستان کے موضوع پر دو روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کانفرنس کا اہتمام ادارہ تحقیقات اسلامی اسلامک یونیورسٹی نے کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اللہ کی ایک نعمت ہے جس کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ نوجوان جدید علوم وفنون میں مہارت حاصل کریں تاکہ زندگی کے ہر شعبے میں خود کفالت کے حصول کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے۔ انھوں نے کہا کہ اسلام معیانہ روی اور برداشت کا دین ہے جس کا مقصد بنی نوع انسان کی فلاح و بہبود ہے۔ عدم برداشت اور انتہا پسندی ایسے عوارض ہیں جن کا دین مبین اور مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ یہ مسائل غیروں کی مداخلت اور مذموم مقاصد کی وجہ سے پیدا ہوئے۔کانفرنس سے ادارہ تحقیقات اسلامی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الحق، اسلامک یونیورسٹی کے نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر محمد منیر، بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب اور ڈاکٹرمرتضی نور نے بھی خطاب کیا۔
پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب ہیں، یوسف احمد الدریویش
Dec 28, 2019