کراچی (اے پی پی )ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان انشاء اللہ ترقی کرے گا اوراس حوالے سے تاجربرادری کا تعاون اہم ہے۔ کاروباراورصنعتیں ترقی کریں گی تو ملک ترقی کی شاہراہ پر تیزی سے گامزن ہوگا اور خوشحالی آئے گی ۔یہ بات انہوں نے سندھ رینجرز کے زیراہتمام مزار قائد پر ’’شکریہ جناح‘‘تقریب میں سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے نائب صدر فرحان اشرفی اور ممبر ایگزیکٹیو کمیٹی حسین موسانی سے ملاقات کے موقع پر کہی۔تقریب میں سائٹ ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا، صدر سلیمان چاؤلہ اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن عبدالہادی اورحارث شکور بھی شریک ہوئے۔سائٹ ایسوسی ایشن کے نائب صدر فرحان اشرفی نے ملکی سلامتی اور دفاع کے حوالے سے پاک افواج کی خدمات پر ڈی جی آئی ایس پی آر کوشاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کے تاجروصنعتکارپاک افواج کے مشکور ہیں کہ شہر قائدکے تاجراب بلاخوف وخطرکاروبار کررہے ہیں اور کراچی کی تاجربرادری بھی پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ رینجرز نے کراچی کو امن کالازوال تحفہ دیا جس کو تاجربرادری قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہی بدولت کراچی کی تاجربرادری اور عوام نے سکھ کا سانس لیا۔انہوں نے کہاکہ ’’شکریہ قائداعظم‘‘ تقریب کے انعقاد سے کاروباری برادری کا حوصلہ بڑھاہے اور عالمی دنیا کوبھی یہ پیغام پہنچے گا کہ پاکستان باالخصوص کراچی امن کا گہوارہ ہے اور سرمایہ کاری کے لیے انتہائی سازگار ہے۔