بنگلہ دیش کے دورہ پاکستان سے انکارمیں بھارت کا ہاتھ ہے‘راشد لطیف

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ(بی سی بی ) پاکستان میں ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے ٹیم بھیجنے پر رضامند ہے تاہم اسکا اصرار ہے کہ دونو ں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز نیوٹرل وینیو پر ہی کھیلی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں10سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوئی ہے اور راولپنڈی اور کراچی کے کرکٹ سٹیڈیمز میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے میچز کھیلے گئے ہیں۔بنگلادیشی کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن کا کہنا ہے کہ اچھی ٹیم بنی تو ہی ٹی 20 کھیلنے پاکستان جائیں گے، کھلاڑیوں سے پاکستان جانے سے متعلق بات چیت جاری ہے،کئی کھلاڑی اور آفیشلز دورے پر نہ جانے کا کہہ چکے ہیں۔صدر بی سی بی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی سسٹم پر کوئی شک وشبہ نہیں، ہماری ویمنز اور انڈر 16 ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں البتہ کھلاڑیوں سے بات جیت جاری ہے، جلد فیصلہ سنادیں گے۔سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے دورہ پاکستان سے انکار کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کا دورہ پاکستان بھارتی کرکٹ بورڈ کے لیے مشکلات پیدا کرسکتا ہے کیونکہ ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی کامیابی کا امکان روشن ہے،یہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان اور بھارت کے مابین پوائنٹس کا خلا مزید کم کر دیگا اور بھارت یہ بالکل بھی نہیں چاہے گا،آئی سی سی کو اس معاملے میں مداخلت کرکے بنگلہ دیش کا دورہ پاکستان یقینی بنانا چاہیئے۔یاد رہے کہ چیئر مین پی سی بی احسان مانی یہ پہلے ہی کہ چکے ہیں کہ اب پاکستان اپنی کوئی بھی ہوم سیریز نیوٹرل وینیو پر نہیں کھیلے گا۔

ای پیپر دی نیشن