اسلام آباد (نامہ نگار) بہاولپور کے صحرائے چولستان میں 14 ہزار 400 کنال اراضی کی الاٹمنٹ میں بے ضابطگیوں پر نیب ملتان نے انکوائری کا آغاز کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ملتان نے شہباز شریف، سابق وفاقی وزیر میاں بلیغ الرحمن اور دیگر درجنوں افراد کے خلاف انکوائری کا آغاز کرتے ہوئے چولستان ترقیاتی ادارے سے زمینوں کی الاٹمنٹ کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے مئی 2012ء میں لال سوہانرا نیشنل پارک کے 238 متاثرین کو زمین الاٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ مذکورہ افراد پر الزام ہے کہ الاٹیوں کی پیدائش پارک بننے کے کئی سال بعد میں ہوئی ہے اور زمینوں کی الاٹمنٹ میں پنجاب حکومت نے کئی بوگس نام بھی شامل کیے۔ الاٹمنٹ میں ہونے والی ان مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایت پر نیب نے شہباز شریف، بلیغ الرحمن اور سابق جنرل سیکرٹری ہائیکورٹ بار چوہدری عمر محمود ایڈووکیٹ سمیت دیگر افراد کے خلاف انکوائری کا حکم دیا تھا۔
چولستان میں 14400 کنال اراضی کی الاٹمنٹ، نیب نے شہباز شریف، بلیغ الرحمن دیگر کیخلاف انکوائری شروع کر دی
Dec 28, 2019