مودی نے جو آگ کشمیر میں لگائی پورے بھارت میں پھیل چکی ہے: شاہ محمود

Dec 28, 2019

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی عزائم پر نریندر مودی کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور بچہ بچہ وطن کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے، تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں سابقہ خارجہ سیکریٹریز کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مشاورتی اجلاس سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرفیو کے نفاذ کو 144 دن گزر چکے ہیں، بھارت نے ذرائع مواصلات بند کر کے دنیا کو کشمیر کے حقائق تک رسائی سے محروم رکھا ہوا ہے۔ مودی سرکار کی مسلم کش اور ہندوتوا سوچ نے پورے بھارت کو تقسیم کر دیا ہے، سیکولر بھارت کے حامی شہریت کے قانون اور این آر سی کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ جو آگ مودی حکومت نے لگائی وہ اب پورے ہندوستان میں پھیل چکی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان مقبوصہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو ہر پلیٹ فارم پر بے نقاب کر رہا ہے جب کہ بھارت داخلی انتشار سے توجہ ہٹانے کے لیے مسلسل ایل او سی کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔مودی سرکار کو خبردار کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج اور پاکستان کا بچہ بچہ وطن کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے۔دریں اثنا شاہ محمود نے قازقستان میں مسافرطیارے کی تباہی اور جانی نقصان پر افسوس کرتے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی اور کہا مصیبت کی گھڑی میں قازق حکومت ،عوام کیساتھ ہیں۔

مزیدخبریں