ماضی کے مشہور اداکار بروس لی کی بیٹی نے بغیر اجازت والد کی شناخت استعمال کرنے پر چین کی ایک فوڈ چین پر ہرجانے کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔چینی خبررساں ادارے کے مطابق بروس لی کی بیٹی شینون لی جو امریکی ریاست کیلی فورنیا میں قائم بروس لی انٹرپرائزر نامی کمپنی کی مالک ہیں نے شنگھائی کی عدالت میں مشہور فوڈ چین ریئل کنگ فو پر 21 کروڑ یوآن ہرجانے کا دعویٰ دائر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوڈ چین ان کے والد کی تصویر استعمال کرنا بند کرے اور اسے بغیر اجازت استعمال کرنے کے عوض ہرجانے کے ساتھ مقدمے پر آنے والے اخراجات کی رقم بھی ادا کرے۔ شینون لی نے مزید کہا کہ ریئل کنگ فو 90 دن میں واضح کرے کہ اس کا بروس لی سے کوئی لینا دینا نہیں۔ میڈیا کے مطابق ریئل کنگ فو نامی یہ فوڈ چین 1990 میں قائم کی گئی تھیاور چین کے 57 شہروں میں اس کے آوٹ لیٹس ہیں۔ ریئل کنگ فو کے لوگو ں میں پیلے کپڑوں میں ملبوس ایک مرد بنا ہوا ہے جو بروس لی کے مخصوص انداز میں کھڑا ہے۔دوسری جانب ریئل کنگ فو نے کہا ہے کہ وہ اس قانونی چارہ جوئی سے حیران ہیں کیوں کہ وہ گزشتہ 15 برسوں سے یہ لوگو استعمال کر رہے ہیں۔واضع رہے کہ بروس لی ماضی کے مشہور اداکار اور مارشل آرٹ کے ماہر تھے۔ وہ 1973 میں صرف 32 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ بروس لی کو آج بھی ان کی مشہور مارشل آرٹ فلموں کی وجہ سے یاد کیا جاتا ہے۔
بروس لی کی شناخت استعمال کرنے کے خلاف ان کی بیٹی عدالت پہنچ گئی
Dec 28, 2019 | 15:43