عمران خان کا بیانیہ ڈر ے سہمے‘ زخمی  شکار کی دھاڑ ہے، لیاقت بلوچ

لاہور (خصوصی نامہ نگار )نائب امیر جماعت اسلامی اور سیاسی انتخابی امور کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے مرکزی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ27 دسمبر کو راولپنڈی لیاقت باغ کے باہر بے نظیر بھٹو کو ناحق قتل کردیا گیا۔ مرحومہ قابل ، جرأتمند اور جمہوری رہنما تھیں۔ ان کا نام سیاسی محاذ پر روشن رہے گا۔ یہ المیہ ہے کہ پی پی کو بھی حکومت ملی ، لیکن بے نظیر بھٹو کے قتل کی سازش بے نقاب نہ ہوسکی۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ پی ڈی ایم اور وزیراعظم عمران کے درمیان انتہا پسندی کا بیانیہ جمہوری پارلیمانی نظام کے لئے خطرناک شکل اختیار کر رہاہے۔ عمران خان کا بیانیہ ڈر ے سہمے اور زخمی شکار کی دھاڑ ہے۔ پی ڈی ایم کے اونچے درجہ کا بیانیہ ، اہم ایشوز پر اختلافات اور عمران خان کا پوائنٹ آف نو ریٹرن کا موقف جمہوریت ، پارلیمانی نظام کو کمزور اور اسٹیبلشمنٹ کو مضبوط کردے گا۔سیاسی، جمہوری، قومی قیادت کا یہی سب سے بڑا امتحان ہے کہ وہ سیاسی، آئینی، جمہوری، پارلیمانی عمل کو اپنی ضدکی بھینٹ چڑھاتے ہیں یا پاکستان کے استحکام اور دشمنوں کے مقابلہ کا راستہ تلاش کرتے ہیں۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی عوام کی عوامی مسائل پر حکومت کے خلاف توانا آواز ہے۔

ای پیپر دی نیشن