ڈولفن سکواڈ نیو ایئر نائٹ پر ون ویلروں کیخلاف بھرپور کارروائی کرے:اشفاق خان

لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنزلاہور اشفاق خان نے کہا ہے کہ ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کے جوان نیو ایئرنائٹ پرون ویلنگ،ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائیں۔ والدین اپنے بچوں کو ون ویلنگ جیساخونی کھیل کھیلنے سے روکیں۔اشفاق خان نے کہا کہ موثر پٹرولنگ کے ذریعے ہی جرائم پیشہ عناصر کا سدِ باب ممکن ہے دورانِ چیکنگ اشتہاری مجرمان کی گرفتاریوں میں تیزی لائیں۔ کورونا وباء سے بچاؤ کیلئے فیس ماسک سمیت کورونا ایس اوپیز پر عمل کریں۔ایس پی راشد ہدایت نے ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایاکہ ہیلپ لائن15پر 393 کالزموصول ہوئیں جس پرڈولفن و پی آر یوجوان فوری ریسپانس عمل میں لائے۔دورانِ پٹرولنگ ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں ملوث49 ملزمان کو گرفتار کر کے اْن کے قبضہ سے3کاریں،8موٹرسائیکلیں،38 موبائل فونز اور1لاکھ 22ہزارروپے سے زائد نقدی برآمد کی۔ ناجائزاسلحہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 33 پسٹلز،4رائفلز،1 پمپ ایکشن،22 میگزین اور370گولیاں برآمد کی گئیں۔ منشیات کے خلاف کارروائی کے دوران چرس سمیت 27بوتلیں شراب برآمد کی گئیں۔شہر کے مختلف علاقوں میں کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیتے ہوئے42افراد کی مدد کی گئی۔

ای پیپر دی نیشن