چشتیاں (نامہ نگار) محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے دوسرے شہروں کی طرح چشتیاں،بہاولنگر،حاصل پور ودیگرنواحی شہروں میں سال رواں کے اختتام اور نئے سال کے آغازپر کڑاکے کی سردی پڑنے کا امکان ظاہرکیا ہے اور آئندہ 15دنوں(28دسمبرسے11جنوری) کے دوران رات کے وقت درجہ حرارت 5سے3تک گرجائے گا جبکہ دن کے وقت درجہ حرارت 18سنٹی گریڈ رہنے اورٹھنڈی ہوائیں چلنے کا امکان ہے ۔آسمان پر جزوی طور پر بادل چھاسکتے ہیں اور کسی روز بارش و دھند پڑنے کا قوی امکان ہے۔محکمہ صحت کے افسران ڈاکٹر محمد انور کھرل ایم ایس تحصیل ہسپتال چشتیاں و سینئر فزیشن ڈاکٹر زبیر احمد شیخ ڈی ایم ایس تحصیل ہسپتال چشتیاں نے دیہات وشہر میں رہنے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ شدید سردی اور دھند کے ایام میں بلاوجہ سفر سے پرہیز کریں جبکہ موٹر سائیکل سواروں کو چاہئے کہ وہ مختلف امراض سے بچنے کیلئے ہیلمٹ اور جیکٹ استعمال کریں اور کسی بھی تکلیف کی صورت میں سرکاری ہسپتال کے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔