لاہور (سید عدنان فاروق) محکمہ اوقاف پنجاب نے رواں برس کرونا وائرس کے باوجود محکمہ کی آمدن میں نومبر2020تک 7فیصد اضافہ ہوا۔ پنجاب اوقاف آرگنائزیشن کے زیر تحویل 8093کمرشل یونٹس کا کرایہ ڈسٹرکٹ پرائس اسسمینٹ کمیٹی ( DPAC)سے از سرنو تشخیص کرایا گیا ہے جس سے محکمہ کی آمدن میں معقول اضافہ ہوگااور تین ہزار سے زائد یونٹس پر نیا کرایہ لاگو کرکے وصول بھی کرلیا گیا ہے۔ فیس منتقلی کرایہ داری کی پالیسی کو حتمی شکل دی گئی ہے جس سے مالی سال 2019-20میں ایک کروڑ 71لاکھ کی آمدن ہوئی۔سر پلس فنڈ کی بنک اف پنجاب میں قلیل المدتی سرمایہ کاری کے تحت پنجاب اوقاف آرگنائزیشن کی آمدن میںگزشتہ سال کی نسبت71.28فیصد اضافہ ہوا ہے۔ مزید برآں گزشتہ دوسالوں میں محکمہ کے سرمایہ کاری کے اثاثہ جات میں 77.34فیصد اضافہ ہوا۔ محکمہ اوقاف کے ترجمان آصف اعجاز کے مطابق و زیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر وزیر اوقاف کے تجویز کردہ 17نکاتی پروگرام کے تحت پنجاب اوقاف آرگنائزیشن کی کارکردگی کو بہتر بنا یا۔ حکومت پنجاب کی ہدایات کو مد نظررکھتے ہوئے ضروری اخراجات کنٹرول کیے گئے۔ سال 2019-20کا سالانہ بجٹ 2ارب 48کروڑ روپے تھا جبکہ ایک ارب 72کروڑکے اخراجات کیے گئے۔ مالی سال2019-20کیلئے حکومت پنجاب کی طرف سے 300ملین روپے منظورکیے گئے ہیں۔ جن میں ڈیجیٹل کیش باکسز، جیومیپنگ، واٹر کنزرویشن اور جنوبی پنجاب کی پراپرٹیز (مزارات) کی تزئین و آرائش کیلئے مختص کیے گئے۔ اوقاف آرگنائزیشن نے اپنے بجٹ مالی سال 2019-20میں 261.480ملین روپے تجویز کیے گئے جس میں 17جاری سکیموں کیلئے 86.60ملین روپے جبکہ 49نئی سکیموں کیلئے 174.88ملین روپے مختص کیے گئے۔ قرآن پاک کے بوسیدہ اوراق کو محفوظ کرنے کیلئے 4قرآن محل لاہور I، ساہیوال، گجرات اور بھلوال میں تعمیرکی سکیمیں مکمل ہوچکی ہیں۔ سال 2019-20میں دربار ومساجد کی تعمیر و مرمت کا کام انجام دیا گیا جن میںدربار شاہ ابوالمعالی، جامع مسجد زندہ پیر ولی قندھاری (حسن ابدال)، چلہ گاہ سخی سرور (دھونکل) اور تعمیر طہارت خانے دربار سخی سرور ڈی جی خان پر مشتمل 28ترقیاتی سکیمیں مکمل کی گئیں۔ ماہ ربیع الاول میں درج ذیل کیٹگریز میں صوبائی مقابلہ نعت انعقاد کروائے گئے۔ وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر’’ہفتہ شان رحمۃ للعالمین‘‘ کے سلسلہ میں بین المذاہب عالمی مشائخ وعلماء کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ عوام الناس کی سہولت کیلئے اوقاف آرگنائزیشن کے زیر کنٹرول درباروں اور مساجد کی معلومات کیلئے PITB کے تعاون سے ویب سائیٹ کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے۔ دربار حضرت داتا گنج بخش پر زائرین کو طبی سہولت فراہم کرنے کیلئے میڈیکل فرسٹ ایڈسنٹر قائم کیا گیا ہے۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے محکمہ کی متعددخالی آسامیوں (پیتھالوجیسٹ،ریڈیالوجیسٹ، میڈیکل آفیسرز، سب ڈویڑنل آفیسرز ،سٹاف نرسز،ڈیٹا بیس ایڈمنسٹریٹر) تقرریاں عمل میں لائی گئیں۔ محکمہ کی زمین پر عرصہ دراز سے قابض ناجائز قابضین سے2510ایکڑ 7کنال 4مرلہ رقبہ واگزار کروایا جاچکا ہے ،جس کی مالیت 5211ملین روپے ہے۔ مزارات ومساجد پر اے ٹی ایم مشین کی طرز پر الیکٹرونک کیش ڈیپازٹ مشینیں (CDM) نصب کی جارہی ہیں۔ صاف اور شفاف طریقہ کار کے ذریعہ سے مزارات پر زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مختلف کمپلیکس (شاپنگ پلازہ ،ہسپتال پلازہ ،پارکنگ پلازہ وغیرہ) تعمیر کیے جائیں گے۔ ناجائز قابضین سے واگزار کرائی گئی زرعی اراضی کو ڈیری فارمنگ ،فش فارمنگ اور لائیو سٹاک فارمنگ کے لئے نیلام عام کیا جائے گا۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز کو ازسرنو فعال بنایا جارہا ہے۔ خالی اسامیوں کے محاذ PPSCکے ذریعے موذوں افراد کو بھرتی کیا جائے گا جس کے لئے کارروائی کا آغا زکردیا گیا ہے۔ دربار حضرت داتاگنج بخشؒ لاہور اور دربار حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ پاکپتن کی توسیع کی جائے گی۔