سوات (نامہ نگار)سو ات میں برفباری کے مناظر دیکھنے کے لئے ریکارڈ تعداد میں سیاحوں کی آمد، کرسمس اور یوم ولادت قائداعظم کی وجہ سے تین دن چھٹیوں کی وجہ سے ضلع بھر کی تمام ہوٹلوں میں قیام کے لئے کمرے ملنا مشکل ہوگیا، معروف ہوٹلز میں جنوری کے آخر تک بکنگ کی گئی ہے ،مزید سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری رہنے کی وجہ سے ہوٹل کمروں کے کرائے عام لوگوں کی برداشت سے باہر ہوگئے، سوات میں امسال ریکارڈ برف باری کا سلسلہ جاری ہے جسے دیکھنے کیلئے تین دن مسلسل چھٹیاں ملنے کی وجہ سے سیاحوں کی ایک بہت بڑی تعداد سوات آچکی ہے، سیاحوں کی بڑی تعداد میں آنے کی وجہ سے مالم جبہ، میاندم ، مدین ، بحرین اور کالام کے علاوہ مینگورہ شہر کی ہوٹلوںمیں قیام کے لئے کمرے ملنا مشکل ہوگیا ہے ، اس سلسلے میں ’’نوائے وقت ‘‘ نے جب مختلف ہوٹل مالکان سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ پی سی مالم جبہ ہوٹل میں جنوری کے آخر تک کمرے بک ہیں اسی طرح مینگورہ شہر کے ہوٹلوں میں برج السوات، سوات سرینا اور دیگر ہوٹلوں کا بھی یہی حال ہے جبکہ سیاحوںکی رش کے باعث کمروں کے کرائے بھی بڑھا دئے گئے ہیں جس کی وجہ سے متوسط طبقہ کے سیاحوں کے لئے کمروں کے کرائے برداشت کرنا ممکن نہیں رہا ہے سوات میں امسال بے تحاشہ برف باری ہورہی ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے لیکن دوسری جانب سرد موسم اور برفباری کے مناظر دیکھنے اور اس سے لطف اندوز ہونے کیلئے سیاح مسلسل سوات آرہے ہیں۔
سو ات ‘ برفباری مناظر دیکھنے کیلئے ریکارڈ سیاحوں کی آمد ‘ ہوٹلوں میں جگہ کم پڑ گئی
Dec 28, 2020