سکھر (این این آئی) جے یوآئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کی بلاول بھٹو یا پیپلز پارٹی سے کوئی ناراضی نہیں ہے۔ اگر وہ ناراض ہوتے تو اپنا وفد بھی گڑھی خدابخش نہ بھیجتے ہر کسی کا اپنا کوئی شیڈول ہوتا ہے۔ کوئی مجبوری ہوتی ہے۔ اگر بلاول بھٹو مردان نہیں آئے تو اسے نا راضگی تو نہیں کہا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر ایئرپورٹ پر گڑھی خدابخش روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل کسی جماعت نے فوج سے حکومت کو گھر بھیجنے کا مطالبہ نہیں کیا ہے۔ ہمارا تو روز اول سے یہ موقف تھا کہ اسمبلیوں میں حلف نہ اٹھایا جا ئے لیکن دوستوں کے اصرار پر ہم نے حلف بھی اٹھایا اور وزیراعظم اور صدر کے الیکشن میں بھی حصہ لیا لیکن اب تو پی ڈی ایم اے بن چکی ہے۔ اس لیے اب تمام فیصلے اس کے پلیٹ فارم سے ہی ہونگے۔ غفورحیدری کا مزید کہنا تھا کہ جنوری میں پی ڈی ایم کا اجلاس بلایا گیا ہے جس میں تمام پارٹیاں مل کر استعفوں اور لانگ مارچ کا فیصلہ کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اس حکومت کو کلٹی کرچکے ہیں اب حکومت کو عددی اکثریت نہیں رہی ہے اور اگر اب حکومت کی پشت پناہی کرنے والے ہاتھ اٹھا دیں تو یہ حکومت ختم ہو جا ئے گی۔
فضل الرحمان ناراض ہوتے تو وفد گڑھی خدا بخش نہ بھیجتے، عبدالغفور حیدری
Dec 28, 2020