اسلام آباد ( خصوصی نمائندہ + نوائے وقت رپورٹ ) پاکستان میں کرونا مزید ایک ہزار 853 مریض اس وائرس کا شکار ہوئے جبکہ 73 مریض انتقال کرگئے، اموات کی تعداد 9 ہزار 874 تک پہنچ گئی ہے۔ ایک ہزار 643 مریض شفایاب بھی ہوگئے۔ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 71 ہزار 335 ہے جس میں سے 4 لاکھ 22 ہزار 132 صحتیاب ہوئے ہیں۔ فعال کیسز39329 ہو گئے۔صوبہ سندھ میں مزید1035 کیسز کا اضافہ،مجموعی تعداد 2 لاکھ 11 ہزار 276 تک پہنچ گئی۔ مزید 22 مریض انتقال کرگئے، اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 491 تک پہنچ گئی ہے۔صوبہ پنجاب میں 524 نئے کیسز، متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 35 ہزار 665 ہوگئی۔ مزید 42 مریض لقمہ اجل بنے، اموات کی تعداد 3 ہزار 900 ہوگئی۔ خیبرپی کے میں مزید 340 افراد کرونا سے متاثر ، مجموعی متاثرین 57 ہزار 215 ہوگئے۔ مزید 6 مریضوں کا انتقال، تعداد ایک ہزار 602 پر جا پہنچی۔ صوبہ بلوچستان میں 14 کیسز سامنے آئے مجموعی کیسز 18 ہزار 75 ہوگئے۔ مرنے والوں میں ایک فرد کا اضافہ ہوا، مجموعی تعداد 182 تک پہنچ گئی۔ اسلام آباد مزید 136 کیسز، متاثرین 37 ہزار 117 تک جا پہنچے۔ کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا،اموات 404 پر برقرار ہے۔ آزاد کشمیر میں مزید 24 افراد متاثر، تعداد 8 ہزار 172 ہوگئی۔ مزید 2 مریض کا انتقال، مجموعی تعداد 216 تک جا پہنچی۔گلگت بلتستان میں 3 نئے کیسز، تعداد 4 ہزار 850 ہوگئی۔ مرنے والوں کی مجموعی تعداد 101پر برقرار ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 22 ہزار 132 ہوگئی۔ پنجاب کے وزیر مواصلات و تعمیرات سردار آصف نکئی بھی کرونا میں مبتلا ہو گئے ۔فیصل آباد میں کرونا وائرس کے حملے تھم نہ سکے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 2 مشتبہ مریض جان کی بازی ہار گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ایبٹ آباد میں مثبت کیسز کی شرح 25.53 فیصد ہوگئی، کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 13.56 فیصد ریکارڈ کی گئی ،فیصل آباد میں مثبت کیسز کی شرح 10.14 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔ این سی اوسی کے مطابق ملک بھر میں 2 ہزار 282 کرونا کے مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ،آزاد کشمیر میں مثبت کیسز کی شرح 11.54 فیصد ہوگئی،بلوچستان میں 7.59، اسلام آباد میں 3.81، خیبرپی کے میں 7.15 فیصد ریکارڈکی گئی ،پنجاب میں 3.98، سندھ میں 7.36 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔سندھ پولیس میں کرونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا، گزشتہ 4 دنوں کے دوران 147 اہلکار وبائی مرض کا شکار ہوگئے۔ترجمان سندھ پولیس نے 147 پولیس اہلکاروں میں کرونا وائرس کی تصدیق کی اور کہا کہ اب تک 4 ہزار 231 افسران اور جوان وبائی مرض سے متاثر ہوچکے ہیں۔ کرونا وائرس نے ایک اور شہری کی جان لے لی کرونا وائرس میں مبتلا مقامی ہیڈ ماسٹر لاہور میں جاں بحق۔ کرونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز سویڈن‘ کینیڈا اور سپین سمیت 15 ممالک تک پہنچ گئے کرونا کی نئی قسم سب سے پہلے برطانیہ میں سامنے آئی تھی جو زیادہ خطرناک اور تیزی سے پھیلنے والی ہے، اب نئی قسم کے کیسز سویڈن اور سپین سمیت 15 ممالک تک پہنچ گئے ہیں، سویڈن اور سپین میں نئی قسم کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کی تصدیق متعلقہ ممالک کے ہیلتھ اتھارٹیز نے کی ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے سفری پابندیوں میں نرمی کر دی گئی‘ پی آئی اے نے فلائیٹ آپریشن آج شروع کر نے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے پروازیںچلائی جائیں گی۔ کرونا کے باعث سعودی عرب نے یکطرہ پروازوں کی اجازت دی ہے۔ مہلک وبا کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر میںہلاکتیں 1764563 ہوگئیں۔‘ مصدقہ کیسز 8 کروڑ 7 لاکھ 15 ہزار سے تجاوز کر گئے۔ ہلاکتیں 339921 ہوگئیں‘ کیسز 1 کروڑ 94 لاکھ 33 ہزار سے بڑھ گئے۔ بھارت کرونا سے متاثرہ ممالک میں بدستور دوسرے نمبر پر ہے۔ جہاںہلاکتیں 147659 ہوگئیں اور کیسز 1 کروڑ 1 لاکھ 88 ہزار سے بڑھ گئے۔ روس میں 54226 افراد لقمہ اجل بن گئے اور کیسز کی تعداد 30 لاکھ 21 ہزار ہوگئی۔ برطانیہ میں ہلاکتیں 70405 ہوگئیں جبکہ کیسز 22 لاکھ 56 ہزار سے تجاوز کر گئے۔ یورپی ممالک میں مشترکہ طور پر کرونا ویکسینیشن کا آغاز ہوگیاہے۔ جس کے لئے جرمین میں 101 خاتون‘ سویڈن میں 91 سالہ‘ سپین 96 سالہ اور اٹلی میں 29 سالہ نرس کو پہلی پہلی ویکسین لگائی گئی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 21 دسمبر کو فائرز‘ بائیو این ٹیک کی ویکسین کی منظوری کے بعد یورپی یونین کے 27 ممالک میں ویکسینیشن کے لئے اتوار کا دن مقرر کیا گیا تھا لیکن ہنگری اور سلواکیا نے ہفتے کے روز ہی سے ویکسن لگانے کی مہم شروع کر دی تھی۔