دھند بارش: سخت سردی ، نظام زندگی مفلوج ، حادثات میں 7جاں بحق، گیس سپلائی ، پروازیں معطل

لاہور/ فیصل آباد/ نوشہرہ ورکاں/ چناب نگر/ حافظ آباد/ سیالکوٹ / نارووال/ پتوکی/ وزیر آباد/ ننکانہ صاحب (سپورٹس رپورٹر+ ایجنسیاں+ علاقائی نمائندوں سے) لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں شدید دھند کے بعد  بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جو اتوار کے روز وقفہ وقفہ سے جاری رہا۔ سرد ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ خراب موسم کے باعث لوگ گھروں میں محصور‘ نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ  گیا۔ لاہور میں فلائٹ آپریشن شدید  متاثر ہوا۔ 19 پروازیں منسوخ متعدد گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ دھند کے باعث موٹرویز کو بھی مختلف مقامات سے بند کردیا گیا۔ کئی شہروں میں گیس سپلائی معطل ہو گئی۔ دھند کے باعث مختلف شہروں میں حادثات میں کئی ہلاکتوں اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ دوسری طرف پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ لاہور سے سپورٹس رپورٹر کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش اور ژالہ باری نے سردی کی شدت میں اضافہ کر دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز کشمیر، اسلام آباد راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، منڈی بہائوالدین، لاہور، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد اور جھنگ کے اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ آج جنوبی پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند پڑنے کا بھی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق  آج پیر کے روز کشمیر، اسلام آباد راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، سیالکوٹ، نارووال اور گجرات کے اضلاع میں بارش (پہاڑوں پر برفباری) کا امکان ہے۔ لاہور سے  این این آئی کے مطابق شدید دھند کے باعث گزشتہ روز بھی معمولات زندگی متاثر رہے۔ بیرون اور اندرون ملک  آنے اور جانے والی 19پروازیں منسوخ جبکہ 16 گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں۔ موٹر وے کو بھی مختلف مقامات سے بند رکھا گیا۔ تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ کے اطراف میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے پر فضائی آپریشن مشکلات کا شکار رہا۔ ترجمان موٹر وے کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم تھری لاہور سے رجانہ  موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک بند رہی۔ قومی شاہراہ پر ٹھوکر، چوہنگ، مراکہ، شام کے بھٹیاں اور مانگا منڈی،  پتوکی، جمبر، پھول نگر میں شدید دھندکے باعث  آمدورفت میں مشکل رہی۔ نجی ٹی کے مطابق لاہور کے نواحی علاقے فیروز والہ اور ظفر وال میں ٹریفک حادڈثات میں نوجوان جاں بحق چار افراد زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ خانقاہ ڈوگراں گردونواح، ظفر وال ودیگر میں بھی دھند چھائی رہی۔ کراچی میں بھی سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سرد اور  تیز ہواؤں کا راج ہے۔ فیصل آباد سے آن لائن کے مطابق  فیصل آباد سمیت پنجاب بھر میں سردی  دھند میں اضافہ ہوگیا۔ جبکہ کئی علاقوں میں حد نگاہ صفر ہوگئی۔ نظام زندگی مفلوج ہو گیا۔ گیس لوڈ شیڈنگ سے شہریوں کو دوہری مشکلات کا سامنا  رہا۔ دھند کے باعث فیصل آباد میں چنگ چی رکشہ سڑک کنارے کھڑے ٹرالے سے جا ٹکرایا۔ 8سالہ بچی جاں بحق‘ باپ زخمیہو گیا۔ صوبہ  کے مختلف علاقوں میں دھندکے باعث ٹریفک حادثات میں مزید3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔  کھرڑیانوالہ کے نزدیک رسول پورہ شیخوپورہ روڈ پر سڑک کنارے کھڑے  ٹرالے سے موٹر سائیکل رکشہ جا ٹکرایا جس کے باعث 266ر ب کی رہائشی 8سالہ ہادیہ  موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جبکہ اس کا باپ الیاس شدید زخمی ہو گیا۔ دیگر ٹریفک حادثات میں ساہیوال پاکپتن روڈ پر ریسکیو اہلکار 26 سالہ شاکر  ڈیوٹی پر گائوں سے ساہیوال ریسکیو آفس آرہا تھا کہ نور پور کے قریب تیز رفتار بس نے کچل دیا  وہ موقع پر جابحق ہوگیا۔ اوکاڑہ بائی پاس پر مزدا اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجے میں خانقاہ ڈوگراں کارہائشی نوجوان مصطفی جاں بحق ہوگیا جبکہ ایک شخص شدید زخمی بھی ہوا۔ پتوکی ملتان روڈ پر بس نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی جس کی وجہ سے موٹر سائیکل سوار لاہور کا رہائشی نوجوان بوٹا موقع پر دم توڑ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بادل برسانے والا سلسلہ پاکستان میں داخل ہوگیا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت سکردو منفی9ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔  چناب نگر سے نمائندہ خصوصی کے مطابق چناب نگر گردونواح میں وقفے وقفے سے تیز و ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ سوئی گیس بھی غائب ہے۔ نوشہرہر ورکاں سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سٹی اور گردونواح میں تین دن سے دھند اور سردی کا راج ہے گزشتہ روز کی ہلکی بارش سے دھند کا خاتمہ اور سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے نظام زندگی مفلوج ہے پہلے سے کم پریشر والی سوئی گیس کی سپلائی تقریباً بند ہو گئی ہے۔  سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق اتوار کی شام بارش ہوئی جس کے نتیجہ میں موسم مزید سرد ہو گیا۔ گزشتہ رت شروع ہونے والی شدید دھند سارا دن جاری رہی اور شام کے وقت بارش کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔ نارووال سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح  میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ لوگ گھروں میں محصور ہو گئے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق شہر اور گردونواح میں گزشتہ روز دن بھر وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا  بارش اور دھند کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق  شدید دھند کے باعث ایک حادثہ پسرور روڈ پر ہوا جہاں بس کی ٹکر  سے موٹر سائیکل پر سوار 55سالہ زاہد جاں بحق ہو گیا۔ دوسرا حادثہ درگانوالہ سٹاپ پر ہوا جہاں بس اور ٹریکٹر ٹرالی میں  تصادم  سے بلال، آصف اور آسیہ بی بی زخمی ہو گئی ، تیسرا حادثہ گلوٹیاں موڑ کے قریب ہوا جہاں مسافر ویگن درخت سے ٹکر ا گئی جس سے 45 سالہ کاشف  زخمی ہو گیا۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں بارش کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا لوگ  اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ خرید وفروخت نہ ہونے کے برابر ہے۔ پتوکی سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شدید سردی میں  پتوکی شہر اور گردونواح میں سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہ ہو سکا۔ سوئی گیس کے شدید بحران سے شہری شدید ذہنی کوفت میں مبتلا ہو گئے۔ وزیر آباد سے نامہ نگار کے مطابق نواحی گائوں ککہ کولو کے رہائشی نوجوان 22 سالہ رانا زاہد عثمان اور 20 سالہ ملک عامر کو موٹرسائیکل پر وزیر آباد سے گھر جا رہے تھے شدید دھند کے باعث احمد نگر روڈ گنیانوالہ چوکی کے قریب  مخالفت سمت سے آنیوالے منی ٹرک سے ٹکرا گئے۔ رانا زاہد موقع پر جان کی بازی ہار گیا جبکہ ملک عامر کو تشویشناک حالت کے پیش نظر لاہور ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔لاہور سے اے پی پی  کے مطابق لاہور، ملتان، سیالکوٹ، فیصل آباد اور گردونواح میں شدید دھند کی وجہ سے آئندہ چند روز پی آئی اے کا فلائٹ شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ رہے گا۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ اندرون ملک پروازیں حد نگاہ بہتر ہونے کی رپورٹ پر چلائی جائیں گی، غیر ملکی پروازیں حد نگاہ کم ہونے کے باعث متبادل ایئر پورٹ پر اتاری جائیں گی۔ آج28 دسمبر کی پرواز  پی کے 605  اسلام آباد گلگت منسوخ کر دی گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن