لاہور (خصوصی نامہ نگار ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور ان کی کابینہ نقل کے باوجود فیل ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت صرف کچھ اداروں کی مرہون منت ہے۔ وزیراعظم کی تیاری نہیں تھی تو حکومت جیسے امتحان میں کیوں بیٹھے۔ یہ نظام قاتلوں کے لئے ہے۔ ظالم، غاصب، کرپٹ اور مافیاز آزادانہ دندناتے پھرتے ہیں۔ کوئی بھی ان ظالموں کو آج تک سزا نہیں دے سکا۔ بے نظیر بھٹو شہید کی برسی پر پیپلز پارٹی سے اظہار ہمدردی کرتا ہوں لیکن گزشتہ بارہ سالوں میں کئی بار پی پی پی کی حکومت کے باوجود بے نظیر بھٹو شہید کے قاتل گرفتار نہ ہونا پی پی اور پوری قوم کے لئے سوالیہ نشان ہے۔ اس ملک میں لیاقت علی خان، جنرل فضل حق، جنرل ضیاء الحق کے قاتل آج تک گرفتار نہ کیے جاسکے۔ نقیب اللہ محسود کا قاتل آج بھی ہمارے پورے نظام کا مذاق اڑا رہا ہے۔ جماعت اسلامی ذات پات اور موروثیت پر یقین نہیں رکھتی بلکہ ایک مکمل جمہوری اور ترقی پسند جماعت ہے۔ جماعت اسلامی، اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے حکومت مخالف جاری تحریک کے لکی مروت میں چھٹے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام سے نائب امیر جماعت اسلامی پروفیسر محمد ابراہیم خان، امیر جماعت اسلامی کے پی کے سینیٹر مشتاق احمد خان ، کے پی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر عنایت اللہ خان، عزیز اللہ خان مروت و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ آج پاکستان کو بڑے خطرات درپیش ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مدینہ کی ریاست کا اعلان کرنے والے سودی معیشت کے خاتمے، ایک کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ گھر، وزیراعظم ہاؤس اور گورنر ہاؤسز کو یونیورسٹیوں میں تبدیل کرنے، کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلانے، سبز پاسپورٹ کو عزت دلانے کے دعوے دار ایسے سو سے زائد وعدوں پر یوٹرن لے چکے ہیں اور اس پر قوم کے سامنے شرمندہ ہونے کی بجائے ڈھٹائی سے اپنے ڈگر پر چلے جارہے ہیں۔ انہیںعوام کو سبز باغ دکھانے کی روش سے باز آنا ہوگا۔ ہماری حکومت مخالف تحریک جاری رہے گی۔ ملک بھر میں بڑے پیمانے پر جلسوں کا شیڈول جلد جاری کریں گے۔