اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر دہشتگردی کی کارروائی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن قوتیں پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کیلئے منصوبہ بندی کر رہی ہیں۔ ہمیں یک زباں ہو کر ان کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ پاکستان خطے کا اہم ترین ملک ہے۔ اگر پاکستان کے حالات خراب ہوئے تو پورے خطے پر اس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ دنیا کو بھارت کے مذموم عزائم کا نوٹس لینا چاہیے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ڈوزیئر اور شواہد کے ساتھ بھارت کو بے نقاب کیا ہے، ڈس انفو لیب کے انکشافات بھی سامنے آئے ہیں کہ بھارت جعلی ویب سائٹس، جعلی این جی اوز اور جعلی پارلیمانی گروپس کے ذریعے پاکستان میں انتشار پھیلانے کیلئے سازشیں کرتا رہا ہے۔ ہماری افواج ملک دشمن عناصر کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ حکومت اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہی ہے۔ توقع ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ملک کو عدم استحکام سے بچانے کیلئے بیرونی جارحیت اور دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے جذبے کو سامنے رکھتے ہوئے تعاون کریں گی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت افغانستان میں امن عمل آگے بڑھنے کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کیلئے سازشیں کر رہا ہے، بھارت نہ صرف دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہا ہے بلکہ انہیں سپانسر بھی کر رہا ہے۔
دشمن پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ، یک زبان ہوکر مقابلہ کرنا ہوگا: شاہ محمود
Dec 28, 2020