اسلام آباد (وقائع نگار) چیئرمین سی ڈی اے نے سیکٹر ڈی 13میں خلاف ضابطہ پلاٹوں کی الاٹمنٹ کرنے پر گریڈ اٹھارہ کے ایک آفیسر کو نوکری سے برطرف ایڈمن آفیسر اور اہلکار کی تنزلی کا حکم دے دیا ہے سی ڈی اے حکام کی جانب سے جاری دستاویزات کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے عامر علی احمد نے سال 2019میں اس وقت کے ممبر خوشحال خان کی شکایت پر سیکٹر ڈی 13میں الاٹ کیے گئے 51پلاٹوں کی انکوائری شروع کرنے کا حکم دیا تھا جنہیں متعلقہ افسران و اہلکاروں نے خلاف ضابطہ الاٹ کیا تھا محکمانہ انکوائری میں سی ڈی اے نے اس وقت کے ڈائریکٹر فرید الدین ، ڈپٹی ڈائریکٹر تیمور خان ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد اصغر ، ایڈمن آفسر اوراسسٹنٹ کو چارج شیٹ کیا تھا بعدازاں محکمے نے مذکورہ افسران پر الزام ثابت ہونے پر ڈپٹی ڈائریکٹر تیمور خان کو نوکری سے برطرف کرنے کا حکم دے دیا ہے جبکہ ان سے فوری پر سرکاری گھر اور گاڑی سمیت دیگر مراعات بھی واپس لینے کا حکم دے دیا ہے علاوہ ازیں ڈائریکٹر فرید الدین اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد اصغر نے عدالت سے اپنے خلاف ہونے والی انکوائری میں حکم امتناع لے رکھا ہے جس بنیاد پر ان کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے جبکہ ایڈمن آفیسر اور اسسٹنٹ کی ایک درجہ تنزلی کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں ۔سزا پانے والے افسران کا موقف تھا کہ انہوں نے مذکورہ پلاٹوں کی الاٹمنٹ اس وقت کے ممبر اسٹیٹ کی منظوری کی ہے تاہم ممبر نے ان کے خلاف شکایت کرتے ہوئے انکوائری شروع کرنے کی سفارش کردی تھی ۔۔