مردم شماری غلط، عوام کو حقائق سے آگاہ کرتے رہینگے، مصطفی کمال

Dec 28, 2020

کراچی(نیوزرپورٹر) چئیر مین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ مردم شماری میں کراچی کی آبادی غلط دکھائی گئی، عوام کو حقائق سے آگاہ کرتے رہینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ سینٹرل نارتھ کراچی میں یوسی آفس کے افتتاح کے موقع پر علاقہ مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی میں مردم شماری کے اعداد و شمار درست درج نہیں کیے گئے, 2017 میں ہونے والی مردم شمادی میں پاکستان سمیت بالخصوص کراچی کی آبادی غلط دکھائی گئی, عالمی ادارے، چیف جسٹس سمیت سب کہہ رہے ہیں کہ کراچی کی آبای 3 کروڑ سے کم نہیں ہے۔ آج سے 3 روز قبل پی ٹی آئی نے ایم کیو ایم کی مدد سے جعلی مردم شماری کو کابینہ کی منظوری دے کر سندھ کی پیٹھ میں چھرا گھونپ دیا ہے۔ پاک سر زمین پارٹی کسی صورت عوام پر یہ ظلم برداشت نہیں کرئے گی، عوام کو حقیقت سے آگاہ کرتی رہی گی اور انتہائی قدم اٹھانے سے بھی گریز نہیں کرے گی۔دریں اثناء مصطفی کمال نے بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی چیک پوسٹ پر مسلح دہشت گردوں کے بیہیمانہ حملے کے نتیجے میں 7 سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی شہید اہلکاروں کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ سید مصطفی کمال نے شہید اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور حملے میں زخمی سیکیورٹی اہلکاروں کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔

مزیدخبریں