وزیرہاؤسنگ میاں محمودالرشیدنے کہاہے کہ پی ڈی ایم کی کھسیانی بلی اپنی اصلیت معلوم ہونے کے باوجود ابھی تک کھمبا نوچنے میں مصروف ہے۔ ن لیگ کی کرپٹ قیادت اپنے خاندان کی اکثریت سمیت ملک سے فرار ہے۔ذوالفقار علی بھٹو کی پیپلزپارٹی ایک صوبے تک سکڑکر علاقائی پارٹی بن چکی ہے لیکن دونوں جماعتیں خودفریبی سے نکلنے پر تیار نہیں۔ اپنے ایک بیان میں میاں محمودالرشیدنے کہاکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی بدعنوان لیڈرشپ کا واحد مقصد اپنی لوٹ مار کا تحفظ ہے۔دونوں جماعتوں کے بدعنوان بڑوں کو اپنا سیاسی انجام واضح طور پر نظر آ رہا ہے لیکن ان کے منہ سے ”میں نہ مانوں“ کی گردان مسلسل جاری ہے۔ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو اپنی مسلسل گرتی ہوئی عوامی ساکھ نہ جانے کیوں نظر نہیں آ رہی۔اب دونوں جماعتوں نے پی ڈی ایم کا سہارا لے کر ملک میں غل غپاڑے کا جو سلسلہ شروع کیا ہے وہ بھی ناکامی سے ہمکنار ہوگا اور یہ کبھی عوامی پذیرائی حاصل نہیں کرسکیں گے۔میاں محمودالرشیدنے کہاکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے گذشتہ 30 سالوں سے لوٹ مار کا تماشہ لگا رکھا تھا اور دونوں جماعتیں ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ دیتی رہی تھیں لیکن اب ان کا یہ تماشہ مزید نہیں چلے گا۔