وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے ہاسٹل میں طالبات کی سہولت کیلئے نئے رابطہ پُل کا افتتاح کیا۔اس موقع پر وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرعامرزمان خان،پرووائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرشیریں خاور،ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹراحتشام الحق،پروجیکٹ ڈائریکٹر اعجاز شیخ اور چیف وارڈن پروفیسرڈاکٹرنورین اکمل سمیت فیکلٹی ممبران کے علاوہ طالبات کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔رابطہ پُل کے افتتاح کے بعدکامیابی کیلئے دعاکی گئی۔افتتاحی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور قومی ترانہ سے کیاگیا۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے افتتاحی تقریب کے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ اس تاریخی طبی درسگاہ سے میری ذاتی وابستگی ہے۔ہاسٹل اور کالج وہسپتال کے درمیان رابطہ پُل پرتقریباًایک کروڑ90لاکھ روپے کی لاگت آئی۔فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کی فارغ التحصیل طالبات پاکستان سمیت پوری دنیامیں شاندارطبی خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔سرگنگارام ہسپتال منفردطبی خدمات میں نمایاں حیثیت رکھتاہے۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب کی طبی درسگاہوں کے طلباء وطالبات کی سہولت کی خاطر بہترین اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور ماں اور بچے کی صحت کویقینی بنانے کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈ چائلڈ ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ پاکستان میں دوران زچگی ماؤں کی اموات کی شرح خطرناک حدتک پہنچ چکی ہے۔دوران زچگی ماؤں کی زندگی کویقینی بنانے کیلئے اس نوعیت کے مدراینڈ چائلڈ ہسپتال بنانا وقت کی اہم ضرورت تھی۔سرگنگارام میں 650بستروں پرمشتمل مدراینڈ چائلڈبلاک پنجاب کی ہزاروں ماؤں کی زندگیاں بچانے میں معاون ثابت ہوگا۔ہاسٹل کی طالبات کی سہولت کی خاطرجلدجمنیزیم اور کیفے ٹیریابھی بنائے جائیں گے۔ تندرست رہنے کیلئے طالبات کو زیادہ سے زیادہ کھیلوں میں حصہ لیناچاہئے۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونا قابل فخرہے۔فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے طالبعلم ہونے کے ناطے اس ادارہ کی بہتری کیلئے کرداراداکرناچاہئے۔حکومت عوام کیلئے صحت کے شعبہ میں زیادہ سے زیادہ سہولت دینے کی کوشش کررہی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے ہاسٹل کی طالبات کیلئے رابطہ پُل میں خصوصی کاوش کرنے پروائس چانسلروفیکلٹی ممبران کوشاباش دی۔وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرعامرزمان خان نے کہاکہ طالبات کا دیرینہ مطالبہ ہونے کے باعث رابطہ پُل تعمیرکروایاگیا۔رابطہ پُل کو5ماہ کی قلیل مدت میں تیارکیاگیاہے۔وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی ہدایت پرجلدطالبات کی سہولت کیلئے جمنیزیم اور سویمنگ پول بھی بنائے جائیں گے۔
پنجاب کی طبی درسگاہوں کے طلباء وطالبات کی سہولت کی خاطر بہترین اقدامات اٹھائے جارہے ہیں:وزیرصحت پنجاب
Dec 28, 2020 | 20:17