لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشیا کپ میں پاکستان انڈر19نے جیت کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ۔پاکستان نے متحدہ عرب امارات کوآخری پول میچ میں21رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی۔گروپ اے میںپاکستان اور بھارت جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش اور سری لنکا نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ سیمی فائنل مقابلوں کیلئے ٹیموں کی پوزیشن آج بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان میچ کے بعد واضح ہوگی ۔ دونوں ٹیموںکے چار چارپوائنٹس ہیں ۔ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو زیادہ اچھا ثابت نہ ہو سکا۔پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز بنائے، قومی ٹیم کے کپتان قاسم اکرم 50 ‘ حسیب اللہ خان 39 اور احمد خان 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔عبدل بنگلزئی 28‘معاذ صداقت15‘محمد شہزاد29‘عبد الفصیح صفر‘عرفان خان 11‘مہران ممتازصفر‘فیصل اکرم 8رنز بناسکے ۔ ایان افضل خان نے تین ‘نلنش کیشوانی نے دوکھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ ہدف کے تعاقب میںمتحدہ عرب امارات کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز ہی بنا سکی ‘پاکستان نے میچ 21 رنز سے جیت لیا۔شیوال باواپانچ ‘کائی سمتھ اڑتیس‘سوریا ستھیس بائیس ‘دھرو پراشاردو‘ کپتان علی شان شرفو پینتیس ‘رونق پنولی ایک ‘نلنش کیشوانی پچیس‘ایان افضل خان اڑتیس ‘علی نیسر ایک ‘جیش گیانی تیرہ اور سیلز جے شنکر پانچ رنز بناسکے ۔ قاسم اکرم نے تین ‘ معاذ صداقت، مہران ممتاز اور محمد ذیشان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔شاہینوں نے پہلے میچ میں افغانستان اور دوسرے میچ میں بھارت کو شکست دی تھی۔ قومی ٹیم نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹوں سے شکست دی۔بھارت کی انڈر19ٹیم نے افغانستان انڈر19ٹیم کو 4وکٹوں سے شکست دیدی ۔افغانستان ٹیم نے 4وکٹوںپر 259رنز بنائے ۔کپتان سلیمان سیفی نے 73اور اعجاز احمد احمد زئی نے 86رنز کی اننگز کھیلی۔بھارت نے ہدف 4وکٹوں پرپورا کرلیا ۔ ہرنور سنگھ نے 65 اورراج باجوہ نے 43رنز بنائے ۔ نور احمد نے چار کھلاڑیوںکوآئوٹ کیا ۔ آج گروپ بی میں سری لنکا کا مقابلہ بنگلہ دیش جبکہ کویت کا مقابلہ نیپال سے ہوگا۔