جماعت اسلامی لاہور کا دوبارہ باغوں کا شہر بنائے گی: ذکر اللہ مجاہد 

لاہور (خصوصی نامہ نگار ) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ جماعت اسلامی اب جاگ میرے لاہور مہم کے تحت اپنی جدوجہد سے شہر لاہور کو مسائلستان سے دوبارہ  حقیقی معنوں میں باغوں کا شہر بنائیگی۔ اہل لاہور سے اپیل کرتے ہیں کہ سخت سردی میں گیس کی شدید لوڈشیڈنگ، صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال، ٹرانسپورٹ کے بدترین مسائل، چوری ڈکیتی اور سٹریٹ کرائم، منشیات فروشی سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے 30 دسمبر کو جماعت اسلامی کا دست و بازو بنیں۔جماعت اسلامی عوام کو دو وقت کی روٹی سے محروم کرنے والی حکومت کا عوام کی طاقت سے محاسبہ کریگی۔ نااہل حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں سے پوری قوم  اذیت کا شکار ہے۔وزیر اعظم عمران  خان قوم کو  بتائیں کہاں ہیں 1کروڑ نوکریاں، پچاس لاکھ گھر اور مدینہ کی ریاست ۔  اب جاگ میرے لاہور مہم کے تحت شہری  مسائل کے حل تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔جماعت اسلامی قیادت لاہورکے تمام علاقوں میں موجود مسائل کے حل تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ اگر حکومت اور انتظامیہ نے مسائل کے حل کیلئے باتوں اور وعدوں سے آگے بڑھ کر عملی اور فوری اقدامات نہ کئے تو متعلقہ اداروں اور سرکاری دفاتر کا بھی گیراؤ  سے بھی گریز نہیں کرینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے  جماعت اسلامی  لاہورکے زیر اہتمام ہونیوالے 30 دسمبر کو ہونے والے عظیم الشان روڈ کارواں کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس میں ان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کنونیئر شہری مسائل کمیٹی و نائب امیر جماعت اسلامی لاہور چوہدری محمود الاحد ، سیکرٹری سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی لاہور عامرنثار خان، نائب صدر جے آئی یوتھ لاہور عامر نور خان،سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی لاہور اے ڈی کاشف موجود تھے۔

ای پیپر دی نیشن