لاہور/ فیصل آباد/ ملتان (نمائندگان+ این این آئی) فیصل آباد میں دھند اور تیز رفتاری کی وجہ سے 2 ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 خواتین سمیت 12زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق تھانہ ٹھیکری والہ کے علاقہ پینسرہ کے قریب تیز رفتاری اور دھند کی وجہ سے رکشہ اور ٹریکٹرکے تصادم سے چک81ج۔ب کا رہائشی عمیر اور اس کے گھر آیا ہوا مہمان تجمل جاں بحق جبکہ اسی گائوں کے رہائشی مرتضیٰ اور دانش دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور زخمی ہوگئے۔کھرڑیانوالہ روڈ شریاں والا کے قریب سٹاف کو لینے والی ایک نجی کمپنی کی بس دھند کی وجہ سے سڑک سے نیچے گرگئی جس کے نتیجہ میں 8افراد زخمی ہوگئے جن میں شاہ ویز، محمد طلحہ، نائلہ، مریم، ماریہ، محمد شہباز اور فہیم شامل ہیں۔ لاہور سے این این آئی کے مطابق شدید دھند کی وجہ سے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن گزشتہ روز بھی بری طرح متاثر رہا۔ اندورن و بیرون ممالک سے آنے اور جانے والی دو پروازیں منسوخ اور 9 تاخیر کا شکار رہیں۔ پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث مسافروں اور ان کے عزیز و اقارب کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ موسم کی خرابی کے باعث ملتان ائیرپورٹ کا فلائٹ اپریشن بری طرح متاثر ہوا۔ سوائے ایک پرواز کے اندرون و بیرون ملک جانے والی تمام پروازیں منسوخ ہو گئیں۔ ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق گذشتہ روز شدید دھند اور موسم کی خرابی کی وجہ سے ملتان سے شارجہ، دبئی جانے والی تینوں پروازیں شارجہ اور کراچی جانیوالی پی آئی اے کی دو پروازیں ائیر عریبیہ کی شارجہ جانیوالی پرواز بھی منسوخ ہوگئی ہے تاہم گلف ائیرلائن کی پرواز 789 ملتان سے بحرین کے لیئے روانہ ہوگئی