مک مکا نہ کرنے پر پولیس  نے شرابی کو تشدد سے ہلاک کر دیا،عملہ تبدیل


 منڈا چوک (نامہ نگار) تھانہ خان گڑھ کی حدود پولیس چوکی مونڈکا میں شراب کے مقدمہ میں گرفتار ملزم مبینہ پولیس تشدد سے ہلاک، انچارج ڈی پی او مظفرگڑھ نے کارروائی کی بجائے انچارج چوکی مونڈکا سمیت پورا عملہ صرف تبدیل کر دیا، اس سلسلے میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق پولیس چوکی مونڈکا نے گزشتہ روز قصبہ مونڈکا کے رہائشی ریاض جھبیل کو شراب کے نشہ میں دھت ہونے پر پکڑا اور اسے چوکی لے گئے، اس دوران پولیس اہلکار مبینہ طور پر ریاض پر تشدد اور اس کے لواحقین سے مک مکا کرتے رہے، تاہم مک مکا نہ ہو سکا جبکہ اس دوران زیر حراست ریاض جھبیل کی حالت بگڑ گئی، جو چوکی میں ہی دم توڑ گیا،  چوکی انچارج اے ایس آئی اللّہ بخش، ہیڈ کانسٹیبل عبدالرحمن نے معاملہ کے بارے میں ایس ایچ او تھانہ خان گڑھ آصف ذولفقار کو بتایا، جن کی مشاورت سے پولیس نے مبینہ طور پر ڈرا دھمکا کر متوفی کی نعش وارثان کے حوالے کر دی، جبکہ انچارج ڈی پی او مظفرگڑھ احمد فراز نے ملوث پولیس ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کرنے کی بجائے خاموشی سے پولیس چوکی کا تمام عملہ تبدیل کر دیا اور معاملہ سلجھا دیا،  چوکی انچارج مونڈکا سب انسپکٹر سہیل احمد کو تعینات کر دیا، جس پر شہریوں نے آئی جی پنجاب راؤ سردار علی اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب سے نوٹس لینے اور واقعہ کے حقائق سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن