زنجیروں سے آزاد ہونے والا ہسپتال داخل،ظالم بھائی کیخلاف مقدمہ درج


خانیوال(رضا قادری سے)نوائے وقت کی انسان دوستی، جائیداد کی خاطر بھائی کو زنجیروں سے جگڑنے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کرکے متاثرہ شخص کو ڈسٹرکٹ ہسپتال داخل کرادیا گیا جبکہ بھائی کو گرفتار کر کر لیا۔ گزشتہ روز نوائے وقت نے بستی عزیز آباد کھوہ ورکاں والہ میں رمضان نامی شخص کی جانب سے اپنی حقیقی بھائی منظور احمد کی تین ایکڑ زرعی زمین پر قبضہ کے لیے اسے چار سال قبل زنجیروں سے باندھ کر ایک کمرے میں قید کرنے کی خبر شائع کی تھی۔جس میں واضح طور پر لکھا گیا تھا کی منظور احمد کو اس کے بھائی نے اتنی ذہنی اذیت دی کہ وہ پاگل ہوگیا نوائے وقت میں خبر کی اشاعت کے ساتھ ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے تھانہ صدر  کے ایس ایچ او ظفر کو ٹیم کے ہمراہ موقع پر جانے اور اسے بازیاب کرانے کا حکم دیا جس پر صدر  پولیس موقع پر پہنچی اور چار سال سے ایک ہی کمرے میں زنجیروں سے بندھے منظور کو بازیاب کروایا جبکہ قریبی عزیز عابد حسین کی مدعیت میں رمضان کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا اور چار سال سے قید منظور احمد کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے فوری طور پر اس کا طبی معائنہ کیا اور علاج شروع کر دیا۔ عوامی سماجی سیاسی حلقوں نے نوائے وقت کی طرف سے انسانیت سوز واقعہ کی خبر شائع کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ڈی پی او سید ندیم عباس نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح میں شامل ہے معاشرہ میں ظلم ڈھانے والے ایسے افراد کسی بھی صورت قانون کے شکنجے سے بالاتر نہیں ہیں۔

ای پیپر دی نیشن