اکابرین امت کے نظریات کا پرچم سر بلند رکھنا اہل حق کا شیوہ : اشرف جلالی

Dec 28, 2021

 لاہور(خصوصی نامہ نگار )تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے مرکز العابد جلالی اہلسنت کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کیا۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاکہ فتنوں کے دور میں ث۔ دنیاوی چمک کی خاطر اہل حق کے منہج کو پس پشت ڈالنے والوں کے چہروں سے اب نقاب ہٹ چکے ہیں۔ باغبان بن کے بلبل کو دھوکہ دینے والوں کا محاسبہ شروع ہو چکا ہے۔ حق کی خاطر کام کرنے والے حق کو پیش نظر رکھتے ہیں، ساتھیوں کی قلت و کثرت کو خاطر میں نہیں لاتے۔ صحیح اعتقاد سے قوم فولاد جبکہ پلپلے نظریات سے تباہ و برباد ہو جاتی ہے۔ جزیرۃ العرب سے لے کر مسلم دنیا کے کونے کونے تک عریانی، فحاشی کے ذریعے اْمت مسلمہ کو کمزور کیا جارہا ہے۔ روحانی اقدار سے پسپائی اور اغیار کے افکار کی گدائی سے اْمت مسلمہ کا مسلسل نقصان ہو رہا ہے۔ ہماری نجات یورپ کی تقلید میں نہیں، قرآن و سنت پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے مولانا محمد عمر فاروق جلالی کی قیادت میں ’’مرکز العابد جلالی اہل سنت‘‘ کی شوریٰ کی کارکردگی کو سراہا۔ بعد ازاں مرکز کے اساتذہ اور طلباء کی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی سے ملاقات کرائی گئی۔ اس موقع پر صاحبزادہ محمد کعب الاسلام جلالی، حاجی محمد اسلم خان جلالی، مفتی محمد شاہد عمران جلالی، مولانا محمد آصف علی حسینی، مولانا غلام مرتضیٰ باروی ، مولانا محمد ذوالفقار علی جلالی و دیگر موجود تھے۔

مزیدخبریں