٭ حضرت انس بن مالک بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ سے کبیرہ گناہوں کے بارے میں پوچھا گیا تو آپ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ کے ساتھ شرک کرنا ، ناحق قتل کرنا اور والدین کی نافرمانی کرنا۔ پھر فرمایا: کیا میں تمہیں کبیرہ گناہوں سے بھی بڑا گناہ بتاؤں؟ پھر فرمایا: جھوٹی گواہی دینا۔(بخاری)٭ حضرت عبداللہ بن عمرو بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا: یقیناً بڑے گناہوں میں سے ایک یہ ہے کہ انسان اپنے والدین کو لعنت کرے ۔ عرض کی گئی: یا رسول اللہ! ایک انسان اپنے والدین کو لعنت کیسے کر سکتا ہے؟ آپ نے فرمایا:ایک انسان کسی دوسرے کے باپ کو گالی دے اور دوسرا واپس پہلے شخص کے باپ کو گالی دے۔ اسی طرح ایک انسان کسی دوسرے کی ماں کو گالی دے اور دوسرا واپس پہلے شخص کی ماں کو گالی دے۔ (بخاری) یعنی اگر پہلا شخص گالیوں کی ابتداء نہ کرتاتو دوسرا شخص پہلے کے والدین کو گالیاں نہ دیتا۔ لہٰذا یہ ایسا ہی ہے جیسے پہلے شخص نے خود ہی اپنے والدین کو گالیاںدی ہیں کیونکہ وہی اس کا سبب بنا ہے ۔ اس میں اسلام کی ایک اور عظمت بھی ملاحظہ کریں کہ اسلام کسی کے والدین کو گالیاں دینا بھی اتنا ہی برا سمجھتاہے جتنا اپنے والدین کو گالیاں دینا ہے۔٭ حضرت انس بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : کسی کے والدین میں سے ایک یا دونوں اس حال میں فوت ہوجائیں کہ وہ اپنے والدین کا نافرمان تھا۔اگر وہ اپنے والدین کے لئے دعائے مغفرت کرتا رہے تو اللہ تعالیٰ اس کو نیکو کار اور اپنے والدین کا فرماں بردار لکھ دے گا۔
٭ حضرت ابن عباس بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا :جو نیکو کار بیٹا اپنے والدین کو رحمت بھری نظر سے دیکھتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے نامۂ اعمال میں ہر نظر کے بدلے ایک مقبول حج کا ثواب لکھ دیتا ہے ۔لوگوں نے عرض کیا :اگر وہ دن میں سو مرتبہ اسی طرح نظر کرے۔ آپ نے فرمایا : ہاں (ہر نظر کے بدلے میں یہی ثواب ملتا رہے گا کیونکہ)اللہ تعالیٰ سب سے بڑا ہے اور ہر قسم کے نقص و عجز سے پاک ہے۔(مشکوۃ المصابیح) ٭حضرت ابن عمر بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا : اپنے والدین کے قریب تیرا چار پائی پر اس حال میں سوناکہ تو ان سے خوش ہو اور وہ تجھ سے خوش ہوں تو یہ تیرے لئے اللہ تعالیٰ کی راہ میں تلوار کے جہاد سے بھی افضل ہے۔٭ حضرت انس بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے اپنے والدین کو راضی کیا اس نے اللہ تعالیٰ کو راضی کیا اور جس نے اپنے والدین کو ناراض کیا اس نے اللہ تعالیٰ کو ناراض کیا۔ (کنزالاعمال)