مسنون حج وعمرہ

اسلامی عبادات میں حج کی ایک خاص اہمیت وفضیلت ہے۔ قرآن مجید میں حج کو استطاعت کے ساتھ فرض قرار دیا گیا ہے۔ حج کی درست اور مسنون ادائیگی کو گناہوں کا کفارہ قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح عمرے کی مسنون ادائیگی پر اس کی فضیلت کو یوں بیان کیا گیا ہے کہ ایک عمرہ دوسرے عمرے کے درمیان کے گناہوں کو ختم کر دیتا ہے۔ حج وعمرے کی یہ اہمیت وفضیلت اور اس کے دوران میں اذکار و عبادات کی یہ قدر و منزلت صرف اسی صورت میں ممکن ہے کہ مناسک حج کو مسنون طریق پر نبوی منہج کے عین مطابق ادا کیا جائے۔ اسی مناسبت سے سبھی کی آرزوہوتی ہے کہ یہ مقدس فرض قرآن سنت کی تعلیمات کے مطابق اداہوجائے تاکہ عبادات کے بجالانے میں کوئی کمی بیشی نہ رہ جائے۔ اس مقصد کے لیے ہرشخص کوایسی رہنماکتاب کی اشد ضرورت ہوتی ہے جس میں حج وعمرہ کے احکام ومسائل آسان زبان میں قرآن وحدیث سے بتائے گئے ہوں ۔ اردو خواں طبقے کی اسی ضرورت کے پیش نظر دار السلام نے مسلسل محنت اور تحقیق کے بعد حج وعمرہ کے تمام ضروری مسائل کے موضوع پر مستند مواد کے حوالے سے ’مسنون حج وعمرہ: احکام ومسائل، فضیلت واہمیت‘ کے عنوان سے ایک مختصر مگر جامع کتاب تیار کی ہے ۔اس کتاب میں حج وعمرہ کے تمام احکام و مسائل قرآن وسنت کی روشنی میں جزئیات سمیت بہ تمام وکمال بتائے گئے ہیں ۔ اس کتاب کی خصوصیات یہ ہیں کہ کے تمام مندرجات صرف کتاب وسنت سے ماخوذ ہیں، نیز تمام احادیث کی مکمل تخریج بھی کر دی گئی ہے۔ حج اور عمرے کے دوران میں پیش آنے والے تمام مسائل کی اصطلاحات کو حج وعمرے کے مناسک کی ترتیب سے پیش کیا گیا ہے۔  حج وعمرہ کے مختلف مناسک کے دوران میں پڑھی جانے والی مسنون دعائوں اور اذکار کو آسان اردو ترجمے کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔  اس کتاب کی اہم خوبی یہ ہے کہ یہ پاکٹ سائزہے بآسانی جیب میں آسکتی ہے اس طرح حج عمرہ کرنے والاہرشخص یہ کتاب ہروقت اپنے ساتھ رکھ سکتاہے ۔ کتاب کی قیمت صرف 200/- روپے ہے جو کراچی اسلام آبادمیں دارالسلام کے شوروم کے علاوہ دارالسلام کے ہیڈآفس لوئرمال لاہورسے طلب کی جاسکتی ہے یا کتاب براہِ راست حاصل کرنے کے لیے درج ذیل فون نمبر 042-37324034پر رابطہ کیا جاسکتا ہے ۔ (تبصرہ: عاطف خالد بٹ)

ای پیپر دی نیشن