پکوان

Dec 28, 2021

لیمن اینڈ مشروم رائس
اجزاء : چاول دو پیالی، مشروم آٹھ سے دس عدد، بند گوبھی ایک پیالی، لہسن چار سے چھ جوئے، رائی آدھا چائے کا چمچ، کلونجی آدھا چائے کا چمچ، کالی مرچ گدری پسی ہوئی ایک چائے کا چمچ، چکن پائوڈر ایک کھانے کا چمچ، لیموں ایک عدد، ہری مرچیں تین سے چار عدد، کوکنگ آئل چار کھانے کے چمچ۔
ترکیب: چاولوں کو دھو کر پندرہ سے بیس منٹ کیلئے بھگو دیں، لہسن کو باریک چوپ کر لیں۔ سخت لیموں لے کر اسے کدو کش پر کھرچ لیں( صرف اوپر کا چھلکا استعمال کریں، اندر کا سفید حصہ کڑوا ہوتا ہے)۔ مشروم کو حسبِ پسند کاٹ لیں اور بند گوبھی کو دھو کر باریک کاٹ لیں۔ چکن پائوڈر کو دو پیالی گرم پانی میں گول کر یخنی تیار کر لیں۔ پین میں کوکنگ آئل ڈال کر درمیانی آنچ پر گرم کریں، اس میں رائی اور کلونجی ڈال کر کڑ کڑا لیں، پھر اس میں لہسن ڈال کر سنہری فرائی کریں۔بند گوبھی ڈال کر چار سے پانچ منٹ فرائی کریں پھر چاولوں کو پانی سے نکال کر ڈالیں اور نمک ڈال کر اچھی طرح بھونیں تیار کی ہوئی یخنی اور ایک پیالی پانی ڈال کر ملائیں اور ڈھک کر درمیانی آنچ پر پکنے رکھ دیں۔ جب پانی خشک ہونے پر آ جائے تو باریک کٹی ہوئی ہری مرچیں، کش کیا ہوا لیموں کا چھلکا، کالی مرچ اور مشروم ڈال کر ہلکی آنچ پر دم پر رکھ دیں۔چاولوں کو ہلکے ہاتھ سے ملا کر پھیلی ہوئی ڈش میں نکال لیں، چلی ساس اور سویا ساس کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔

کولڈ کیک
اجزاء : سادہ بسکٹ200گرام ، اخروٹ کی گری ایک پیالی، کوکو پائوڈر تین کھانے کے چمچ، دودھ تین کھانے کے چمچ، انڈا ایک عدد، چینی تین چوتھائی پیالی، کوکنگ آئل تین کھانے کے چمچ۔
ترکیب: اخروٹ کی گری کو کوٹ لیں اور سادہ بسکٹ کو پلاسٹک بیگ میں ڈال کر اس پر بیلن چلا لیں تاکہ وہ موٹے موٹے ٹکڑوں کی شکل میں آ جائے۔ اسٹین لیس اسٹیل کے ساس پین میں کوکنگ آئل ، دودھ، چینی، کوکو پائوڈر اور انڈا ڈال کر الیکٹرک بیٹر سے پھینٹ لیں۔ پھر اس میں تھوڑے تھوڑے کرکے بسکٹ کے ٹکڑے اور اخروٹ کی گری شامل کر دیں۔ پین میں پانی گرم کریں اور اس میں تیار کئے ہوئے ساس پین کو احتیاط سے رکھ دیں، لکڑی کا چمچ چلاتے ہوئے تمام چیزوں کو اچھی طرح مکس کر لیں۔کچن کائونٹر پر موٹی پلاسٹک شیٹ بچھا کر اس پر اس مکسچر کو نکال لیں اور اسے رول کر لیں۔ دونوں طرف سے سروں کو چاکلیٹ کی طرح لپیٹ کر اچھی طرح ٹائٹ بند کر دیں۔ اس رول کو فریزر میں اتنی دیر رکھیں کہ اچھی طرح سخت ہو جائے۔ پیش کرنے سے دس منٹ پہلے فریزر سے نکالیں اور اس کے آدھا انچ موٹے قتلے کاٹ لیں۔ شام کی چائے پر یہ آسانی سے بننے والا کیک بہت مزہ دے گا۔


تندوری بیف
 اجزاء :۔
بیف اسٹیک چار عدد بڑے قتلے،آم کی چٹنی تین چوتھائی کپ،لہسن ایک جوّا (کچل لیں)،لیموں چار عدد،دہی تین چوتھائی کپ،تندوری مسالہ ایک چوتھائی کپ
تندوری مسالہ کے لئے:
نمک  ایک کھانے کا چمچ،گرم مسالہ ایک کھانے کا چمچ پسا ہوا،لال مرچ تین کھانے کے چمچ پسی ہوئی،اورنج ریڈ کلر آدھا چائے کا چمچ،دھنیا تین کھانے کے چمچ بھنا اور پسا ہوا،سونف دو کھانے کے چمچ بھنی اور پسی ہوئی،سفید زیرہ  دو کھانے کے چمچ ثابت اور بھنا ہوا۔
ترکیب:۔
ایک برتن میں بیف اور تندوری مسالہ مکس کرلیں۔ تمام مسالہ بیف پر لگادیں۔پھر ڈھک کر کم ازکم تین گھنٹے یاایک رات کے لئے رکھ دیں۔بیف کو گرم تیل لگی باربی کیو گرل پر براون ہونے تک پکائیں۔اسی طرح لیموں کے ٹکڑوں کو براون کریں۔لذیذ تندوری بیف تیار ہے۔ اس کو گرلڈ لیموں ،آم کی چٹنی اور رائتے کے ساتھ پیش کریں۔
تندوری چرغہ

 اجزائ:
چکن ایک کلو ثابت،دہی آدھا کپ پانی نکلا ہوا،نمک ایک چائے کا چمچ،لیموں کا رس دو کھانے کے چمچ،سرکہ دو کھانے کے چمچ،ادرک لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ،تیل ایک چوتھائی کپ،تندوری مسالہ۔تین کھانے کے چمچ (ثابت)؎
تندوری مسالہ کے لئے:
نمک ایک کھانے کا چمچ،گرم مسالہ ایک کھانے کا چمچ پسا ہوا،لال مرچ تین کھانے کے چمچ (پسی ہوئی)،اورنج ریڈ کلرآدھا چائے کا چمچ،دھنیا۔تین کھانے کے چمچ (بھنا اور پسا ہوا)
،سونف دو کھانے کے چمچ (بھنی اور پسی ہوئی)
،سفید زیرہ دو کھانے کے چمچ (ثابت اور بھنا ہوا)
ترکیب:۔
تندوری مسالہ کے لیے بلینڈر میں نمک، گرم مسالہ، لال مرچ، اورنج ریڈ کلر، دھنیا، سونف اور سفید زیرہ ڈال کر باریک پیس لیں اور بوتل میں بھر کر استعمال کریں۔ چرغہ کے لیے چکن پر کٹ لگا دیں۔ پھر ایک پیالے میں دہی، تیار کیا ہوا تندوری مسالہ، نمک، لیموں کا رس، سرکہ، ادرک لہسن کا پیسٹ اور تیل ڈال کر مکس کرلیں۔ اب چکن کو اس مکسچر میں دو گھنٹے کے لیے میری نیٹ کر لیں۔ پھر اسیتندور یا اوون میں رکھ کر ہلکی آگ پر چکن کے گلنے تک پکالیں۔ لیجیے تندوری چرغہ پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔
تندوری تکہ
 اجزاء :
گوشت کی بوٹیاں ایک کلو،پیاز آدھا کلو،تیل حسبِ ضرورت،دہی آدھا کلو،کچا پپیتاآدھا کلو،لہسن ادرک کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ،زیرہ دو کھانے کے چمچ،تِل دو کھانے کے چمچ،خشخاش دو کھانے کے چمچ
،چنے دو سو گرام (بْھنے اور پسے ہوئے)،نمک حسبِ ضرورت۔
ترکیب:۔
پیاز اور تمام مسالوں کو تھوڑے تیل میں تل کر نکال لیں اور پپیتے کے ساتھ سِل پر پیس لیں۔ اس مرکب میں چنے، پسی ہوئی ادرک لہسن، نمک اور دہی ملا کر خوب اچھی طرح گوندھ لیں۔ یہ مرکب گوشت کی بوٹیوں پر اچھی طرح ملیں اور انہیں کم ازکم تین گھنٹے اسی حالت میں پڑا رہنے دیں۔ انہیں کسی تھالی میں پھیلا کر اوون، بھٹی یا تندور میں رکھیں اور کوئی تھال اس کے اوپر رکھ دیں۔ کچھ دیر بعد اس برتن کو اْٹھا کر تکوں کی حالت کا اندازہ لگائیے۔ اگر سْرخی آگئی ہوتو تندور سے نکال لیجئے اور گرم گرم روٹی یا پراٹھوں کے ساتھ پیش کریں۔

مزیدخبریں