لاہور (اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے تحفظ والدین آرڈیننس 2021ء کے قانون پر تحریری فیصلہ جاری کردیا، فیصلے میں عدالت نے قرار دیا کہ بیٹا کرائے پر رہتا ہو یا گھر کا مالک ہو والدین کو گھر سے نکالنا جرم ہے، والدین کو گھر سے نکالنے پر بیٹے کو ایک سال قید اور جرمانہ ہو سکتا ہے، والدین بیٹے کو اپنے سے گھر سے کبھی بھی نکال سکتے ہیں، والدین کے نکالنے پر بیٹا 7 دن میں گھر خالی کرے ورنہ 1 ماہ کی سزا ہو سکتی ہے، زیر سماعت کیس میں علی اکرام پر اسکے والد میاں محمد اکرام نے گھر سے بے دخلی کا الزام لگایا تھا، والد میاں اکرام نے بیٹے علی اکرام کے خلاف ڈپٹی کمشنر کو کارروائی کی درخواست دی، ڈپٹی کمشنر نے والد کو متعلقہ عدالت سے رجوع کی ہدایت کی تھی، ڈپٹی کمشنر کے فیصلے کے خلاف اپیلیٹ کورٹ نے ضابطہ فوجداری کی کارروائی کے لیے کیس واپس ریمانڈ کیا، اپیلیٹ کورٹ کے فیصلے کے خلاف علی اکرام نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا، ہائی کورٹ نے ڈپٹی کمشنر اور اپیلیٹ کورٹ کے فیصلے کالعدم کر دیئے، عدالت نے ڈپٹی کمشنر کو عدالتی فیصلے کی روشنی میں قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کردی۔