اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے تاریخ میں پہلی بار ایک جامع ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان بنایا اور اسے ترجیحی بنیادوں پر نافذ کر رہی ہے، ہماری حکومت کی توجہ برآمدی صنعتوں کے قیام کے لیے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کو بڑھانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنی زیر صدارت ترجیحی شعبوں پر جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ زراعت کے شعبے کی میکانائزیشن، معیاری بیج کی فراہمی، پانی کا موثر انتظام اور لائیو سٹاک فارمنگ میں کسانوں کی مدد اس کو زیادہ پیداوار دینے والے معاشی شعبے میں تبدیل کر رہی ہے۔ کسان کارڈ متعارف کرانے، کھاد پر سبسڈی اور مویشیوں کی جینیاتی بہتری کے ساتھ، حکومت کا مقصد پچھلے سال کی ریکارڈ پیداوار کے مقابلے میں اس سال اور بھی زیادہ پیداوار حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں اور کاروبار کرنے میں آسانی پر توجہ دینے کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری اس اعتماد کا نتیجہ ہے جو حکومت نے اپنے موثر پالیسی اقدامات سے حاصل کیا ہے۔ وزیراعظم کو ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ معیاری بیج کی فراہمی کیلئے منظوری کے بعد فنڈز فراہمی کا عمل تیز، لائیو سٹاک پیداوار بڑھانے اور جینیاتی بہتری کیلئے سیمن کی درآمد تیز، مویشی پال کسانوں کی معاونت کیلئے پنجاب میں 9211 سروس بحا،ل زراعت میں جدید مشینری کے استعمال و تقسیم کرنے کا عمل جلد شروع کر دیا جائے گا۔ چین کی ایگریکلچر ریسرچ اکیڈمی سے تعاون سے زرعی جدتیں متعارف کروائی جائیں گی۔ جھینگے کی فارمنگ کیلئے پنجاب اور بلوچستان میں ہیچریز کا افتتاح جلد کر دیا جائے گا۔ زیتون کی 20 ہزار ایکڑ پر کاشت کیلئے پودوں کی درآمد شروع کر دی۔ یوریا اور ڈی اے پی کے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف آپریشن اور سمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ون سٹاپ شاپ سرمایہ کاروں کو بجلی، گیس، پانی اور تعمیراتی پرمٹ کے حصول میں معاونت کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ملاقات کی۔ گلگت بلتستان میں ریونیو شعبے میں اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم عمران خان سے پارٹی عہدیداروں نے ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں اسد عمر، عامر محمود کیانی، شفقت محمود، علی زیدی، پرویز خٹک اور قاسم سوری شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے ملاقات میں نئی آرگنائزنگ کمیٹی کے ارکان سے پارٹی کی تنظیم تنظیم سازی کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔