اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کیا گیا۔ پاکستان نے ہندوتوا حامیوں کی طرف سے بھارتی مسلمانوں کی نسل کشی مہم پر شدید احتجاج کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ نئی دہلی کو پاکستانی تحفظات سے آگاہ کرے اور بھارت میں نفرت انگیز تقاریر 17 تا 19 دسمبر کو ہردیوار، اتراکھنڈ میں ہندوتوا تقریب میں کی گئیں۔ بھارتی حکومت نے نفرت انگیز تقاریر کرنے والے ہندوتوا کے حامیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جبکہ ہندوستان میں بی جے پی، آر ایس ایس حکومت میں مسلمانوں کے خلاف زہریلا پراپیگنڈا معمول بن چکا ہے۔پاکستان اقوام متحدہ، او۔آئی۔سی، متعلقہ انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین اور منظم خلاف ورزیوں پر بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے اور نسل کشی سے انہیں تحفظ فراہم کرنے کے لئے فوری اقدامات کرے۔