پیپلزپارٹی جیسی بڑی جماعت کو زرداریوں نے ٹکے ٹوکری کردیا: فواد چودہری

لاہور (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی جیسی بڑی سیاسی پارٹی کو زرداریوں نے ٹکے ٹوکری کر دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے لکھا کہ دکھ کی بات ہے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی برسی پر چھوٹے چھوٹے سیاستدان اپنے قد سے بھی چھوٹی باتیں کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی جیسی بڑی سیاسی پارٹی کو زرداریوں نے ٹکے ٹوکری کر دیا۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بھٹو جیسا قد آور سیاستدان کی سیاست آج سیاسی بونوں کے حوالے ہے، یہ نقصان ہوتا ہے جب سیاسی جماعتوں کا سٹرکچر نہ ہو۔ علاوہ ازیں چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آج سب سے بڑا چیلنج قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو واپس لانا ہے، قائداعظم اور علامہ اقبال ایک ایسی ریاست کا قیام چاہتے تھے جہاں اسلام کے ماننے والے اور اقلیتیں آزادی سے زندگی بسر کر سکیں، ہندوستان اور بنگلہ دیش کے کئی رائٹرز قائداعظم کے بارے میں کنفیوژن کا شکار ہیں۔ قائداعظم اور علامہ محمد اقبال ماڈرن اور ترقی پسند سوچ کے حامل راہنما تھے، قائداعظم نے ہندوستان کی سیاست دیکھ کر پاکستان بنانے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان میں سیالکوٹ واقعہ پر پوری پاکستانی قوم نے متحد ہو کر پر زور الفاظ میں مذمت کی، بھارت میں ایسے واقعات روز کا معمول ہیں۔ آج بھارت میں مسیحی برادری اور مسلمانوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ دنیا کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی حکومت کے تحت آج بھارت زوال کا شکار ہے۔ پاکستان اس خطے کی روشن امید ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے قائداعظم کا یوم ولادت شایان شان طریقے سے منانے، اسلام آباد میں آتش بازی اور رنگ و نور کی محفل کے انعقاد پر تمام منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔ دریں اثناء چوہدری فواد حسین نے شوکت ترین کو وفاقی وزیر کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری برادری کی شوکت ترین سے امیدیں وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اس وقت مذہبی جنونیت روزبروز بڑھ رہی ہے جبکہ دوسری جانب افغانستان میں طالبان بھی مذہبی انتہا پسند ہیں، ہم طالبان کا نہیں بلکہ افغان عوام کا مقدمہ لڑ رہے ہیں، طالبان کی جانب سے خواتین کا تنہا سفر کرنا، بچیوں کو سکول و کالج جانے سے روکنا مذہبی انتہا پسندی ہے، پاکستان ان دو انتہا پسند ملکوں کے درمیان گھرا ہوا ملک ہے جسے دنیا بڑے غور سے دیکھ رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن