لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گلاب دیوی ہسپتال کے قریب فیروز پور روڈ پر ریکارڈ مدت میں بننے والے انڈر پاس پراجیکٹ کا افتتاح کردیا۔ عثمان بزدار نے انڈرپاس کو عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ فل ہائٹ تھری لین انڈر پاس کھلنے سے ایک لاکھ 32 ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹرسائیکل سوارو ں کو آمد ورفت میں آسانی ہو گی۔ شفاف ٹینڈرنگ کے ذریعے تقریباً 6 کروڑ روپے کی بچت کی گئی ہے۔ جہاں عام شہری مستفید ہوں گے وہاں 4 بڑے ہسپتال گلاب دیوی، چلڈرن، سوشل سکیورٹی اور جنرل ہسپتال کے ہزارو ں مریضوں کو بھی آسانی ہو گی۔ انڈر پاس سے ملحقہ آبادیوں کے لاکھوں مکین بھی بلا روک ٹوک آمد ورفت جاری رکھ سکیں گے۔ قصور کی طرف آنے جانے والے لاکھوں شہری بھی انڈرپاس سے مستفید ہوں گے۔ عثمان بزدار نے عبدالستار ایدھی انڈر پاس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انڈر پاس کو عبدالستار ایدھی سے منسوب کیاگیا ہے جبکہ گلبرگ سے جیل روڈ (صدیق ٹریڈ سینٹر) فلائی اوور کے منصوبے کو معروف شاعر منیر نیازی سے منسوب کیا گیا ہے۔ پہلی مرتبہ افتتاحی تقریب انڈرپاس ہی میں منعقد کی ہے اور کروڑوں روپے بچائے ہیں۔ پنجاب حکومت نے ہر منصوبے میں شفافیت کے ذریعے کروڑوں روپے کی بچت کی ہے۔ عثمان بزدار نے لاہور کے شہریوں کیلئے ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے پراجیکٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 50ارب روپے کی لاگت سے یہ منصوبہ لاہور کے شہریوں کو بے پناہ سہولت فراہم کرے گا۔ شاہدرہ موڑ پر ملٹی لیول داخلی و خارجی راستے کی تعمیر پر 6 ارب 50 کروڑ روپے خرچ ہوں گے اور شاہدرہ چوک پر ٹریفک کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوگا۔ ایل ڈی اے نے لاہور میں 2ارب 45 کروڑ روپے کے 4 بڑے پراجیکٹ مکمل کیے ہیں۔ لال شہباز قلندر انڈرپاس، باب لاہور، اہم سڑکوں پر ٹریفک جام کے پوائنٹس کا خاتمہ اور مختلف مقامات پر شہریوں کے پیدل گزرنے کے لئے خصوصی پلوں کی تعمیر کے منصوبے مکمل ہوچکے ہیں ۔ لاہور میں 9ارب 16 کروڑ 70 لاکھ روپے کی لاگت سے 3 بڑے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ چلڈرن ہسپتال کے قریب لاہور برج پر اضافی لین تعمیرکی جارہی ہے۔ 4 ارب 90کروڑ روپے کی لاگت سے داتا گنج بخش فلائی اوور بنایا جارہا ہے۔ 2ارب 54کروڑ 80لاکھ روپے سے شاہکام چوک فلائی اوور کا منصوبہ جلد مکمل ہوگا۔ سگیاں روڈ کی تعمیر و توسیع پر 3ارب 40 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ 3ارب روپے کی لاگت سے مین بلیوارڈ گلبرگ تا والٹن روڈ ڈیفنس موڑ سنگنل فری کوریڈور بنایا جائے گا۔ کریم بلاک علامہ اقبال ٹاؤن پر انڈرپاس اور فلائی اوور کی تعمیر پر2ارب 90 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔سابق حکومت کے چھوڑے دیگر منصوبوں کی طرح اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کو بھی ہم نے فنڈنگ کر کے مکمل کیا۔ سابق حکومت نے عوام کی فلاح وبہبود کا سوچے بغیر منصوبے بنائے جن پر اربوں ر وپے کی سبسڈی دینا پڑ رہی ہے۔ ان منصوبوں سے حاصل ہونے والی آمدن نہایت کم ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں بتایا کہ خیبر پی کے میں بلدیاتی الیکشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہوچکا ہے۔ انشاء اللہ دوسرے مرحلے میں تحریک انصاف اچھا پرفارم کرے گی۔ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن براہ راست ہوںگے، بل اسمبلی میں موجود ہے۔ عوامی نمائندوں کو بااختیار بنائیںگے اور پنجاب میں بہتر پرفارم کریںگے۔ وزیر تعلیم مراد راس نے اپنے محکمے میں جتنا کام تین سال میں کیا ہے اتنا کام گزشتہ 70برس میں نہیں ہوا۔ ماضی کی حکومت نے نالج پارک پر 2ارب کا خرچہ کیا اور ایک اینٹ نہیں لگائی۔ نواز شریف کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو آنا چاہے وہ آئے، جو جانا چاہے جائے، قانون اپنا راستہ خود لے گا اور ہر کام قانون کے مطابق ہوگا۔ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، سب ٹھیک ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر مزید آگے لے کر چلیں گے۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں لوٹ مار کا بازار گرم تھا، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈویلپمنٹ میں شفافیت کا کلچر دیا۔ عثمان بزدار نے معروف شاعر سرفراز شاہد کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کراچی پریس کلب کے انتخابات میں مسلسل 13 ویں بار کامیابی پر دی ڈیموکریٹس پینل کے صدر فاضل جمیلی‘ سیکرٹری رضوان بھٹی اور نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد دی ہے۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے صوبے میں جاری ہیلتھ پراجیکٹس کو جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ شعبہ صحت میں جاری منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو علاج معالجے کی سہولت میں بہتری آئے گی۔ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت نیا پاکستان صحت کارڈ پنجاب کے ہر شہری کو ملے گا۔31 مارچ تک نیا پاکستان صحت کارڈ راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور،گوجرانوالہ اورسرگودھا ڈویژن میں بھی لانچ کر دیا جائے گا۔ہیلتھ کیئر سسٹم کے روایتی نظام کو بدلنے کیلئے اصلاحات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔