سالانہ ترقیاتی سکیموں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں: چیف سیکرٹری

بہاولپور(بیورورپورٹ)چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے جانوروں اور پرندوں کا غیر قانونی شکار کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے یہ ہدایت کمشنر آفس بہاولپور میں منعقد اجلاس کے دوران جاری کی۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ جنگلی حیات کا تحفظ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، غیر قانونی شکار میں ملوث افراد کیساتھ کسی قسم کی رعائیت نہ برتی جائے۔انہوں نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت سکیموں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں،ترقیاتی فنڈز کا بروقت او ر شفاف استعمال یقینی بنایا جائے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز محکمہ ریونیو میں کرپشن کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں اور کرپٹ افسران اور اہلکاروں کیخلاف ایکشن لیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسینیشن مہم قومی مقصد ہے، دیئے گئے اہداف کو ہر صورت پورا کیا جائے۔چیف سیکرٹری نے افسران کو کھاد کے سٹاکس اور سپلائی کی آن لائن مانیٹرنگ جاری رکھنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن (ر)محمد ظفر اقبال نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ بہاو لپور ڈویژن میں 686ترقیاتی منصوبے زیر تکمیل ہیں۔سمگلنگ کی روک تھام کیلئے سات چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں اور سمگل کی جانیوالی 9سو ٹن گندم ضبط کی گئی ہے۔ ریجنل پولیس آفیسر بہاول پور شیر اکبر نے امن و امان کی صورتحال بارے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب ثاقب ظفر، بہاو لپور،رحیم یار خاں اور بہاولنگر کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور کا اچانک دورہ بھی کیا۔ انہوں نے ایمرجنسی، گائنی اور دیگر وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں اور انکے لواحقین سے علاج معالجے کی سہولیات بارے دریافت کیا۔ شہریوں نے ہسپتال میں انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔چیف سیکرٹری نے مریضوں اور انکے لواحقین کے مسائل بھی سنے اور انکے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔انہوں نے ہدایت کی کہ لوگوں کی رہنمائی کیلئے ہسپتال میں انفارمیشن ڈیسک قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کے اچھے رویے اور رہنمائی سے مریض میں اطمینان کا احساس پیدا ہوتا ہے۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری کیپٹن (ر) ثاقب ظفر، کمشنر بہاولپور ظفر اقبال بھی موجود تھے۔چیف سیکرٹری نے ماڈل بازار کا دورہ بھی کیا اور مختلف سٹالز پر اشیا کی قیمتیں اور معیار چیک کیا۔انہوں نے 2082ملین روپے کی لاگت سے نئی تعمیر ہونے والی یزمان تا بہاولپور دو رویہ سڑک کا معائنہ بھی کیا۔ 
 

ای پیپر دی نیشن