مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاںشہباز شریف نے کہا ہے کہ منی بجٹ پارلیمنٹ کی خود مختاری پر حملہ ہے ، منی بجٹ ہم تو ڈوبے ہیں صنم تم کو بھی لے ڈوبیں گے کی عملی تفسیر ہے، حکومت خود تو عوامی نفرت کے سیلاب میں ڈوب چکی ہے، ملک کو آئی ایم ایف کے پنجرے میں قید نہ کرے۔ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ منی بجٹ سے ملکی حالات بہتر ہونے کے بجائے مزید بدترین ہوجائیں گے، منی بجٹ منظور ہوا تو نیا سال قوم کیلئے مہنگائی کا بدترین سال بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کیلئے پارلیمنٹ کو ربر اسٹیمپ بنانا چاہتی ہے، منی بجٹ دراصل پارلیمنٹ کی خودمختاری پر بھی حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ عوام کے مفادات کیلئے کھڑی نہ ہوئی تو اسے عوامی نمائندہ ادارہ نہیں سمجھا جائے گا، منی بجٹ مسلط کرنے سے بہتر ہوگا حکومت ناکامی کا اعتراف کرکے قوم کی جان چھوڑ دے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی کارکردگی دیکھ کر عوام کی اکثریت موجودہ ٹیم سے مکمل بیزار اور مایوس ہوچکی ہے، رواں سال حکومت کا صرف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 39 روپے سے زائد اضافہ ظلم ہے۔انہوں نے کہا کہ تین سال میں ادویات کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہوا ہے، حکومتی اعتراف سے عمران نیازی کے سستے پاکستان کی نفی ہوگئی، قومی اسمبلی میں چینی کی پیداوار میں کمی کا حکومتی اعتراف اس کے پہلے دعوئوں کی نفی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی بندش سے 2 فیصد ٹیکسٹائل ملز کی بندش کا حکومتی اعتراف ہمارے خدشات کی تصدیق ہے، تمام حقائق، اطلاعات اور دستاویزی شواہد اعتراف کررہے ہیں کہ معیشت کا بھٹہ گول ہوچکا ہے۔
لاہور: منی بجٹ پارلیمنٹ کی خود مختاری پر حملہ ہے،حالات مزید خراب ہونگے.شہباز شریف
Dec 28, 2021 | 20:04