لاہور (سپیشل رپورٹر) سپریم کورٹ نے سبجیکٹ سپیشلسٹس کو واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف اپیل کی سماعت میں سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3رکنی فل بنچ نے سماعت کی۔ اپیل کنندہ کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ فزیکل ایجوکیشن میں گریڈ 16 میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر بھرتی ہوئے، پرموشن چینل نہ ہونے کی وجہ سے حکومت پنجاب نے گریڈ 17میں سبجیکٹ سپیشلسٹ کے طور پر ترقی دے دی۔ حکومت نے تعلیم اور تجربہ کی بنیاد پر سبجیکٹ سپیشلسٹ کے گریڈ میں ترقی دی۔ عدالت سے استدعا ہے کہ مراعات کا اطلاق نوکری پر تعیناتی کے دن سے کیا جائے اور پنجاب سروس ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔