شیخوپورہ میں پی ٹی آئی کی ’’الیکشن کراؤ‘ ملک بچاؤ‘‘ ریلی

Dec 28, 2022


شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار خصوصی) تحریک انصاف شیخوپورہ نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر ’’الیکشن کرائو، ملک بچائو‘‘ مہم کے سلسلہ میں شیخوپورہ ہائوسنگ کالونی بائی پاس سے عوامی ریلی نکالی جس نے بائی پا س چوک سے لیکر جناح پارک کا دس منٹ کا سفر تین گھنٹوں میں طے کیا۔ ریلی کی قیادت ضلعی صدر عمر آفتاب ڈھلوں ایم پی اے، ضلعی جنرل سیکرٹری آصف منظور ورک، تحصیل صدر شفت علی کجر، جنرل سیکرٹری مظفر محمود خان، سٹی صدر شمس حسن بھٹی، جنرل سیکرٹری خرم ریاض کاہلوں ایڈووکیٹ نے کی جبکہ ریلی میںصوبائی وزیر قانون خرم شہزاد ورک، سابق ضلعی صدر وحلقہ پی پی 140 کے امیدوار کنور عمران سعید، سابق رکن قومی اسمبلی چودھری محمد سعید ورک، سابق چیئرمین ٹیوٹا رانا علی سلمان، سابق سیکرٹری بار وحلقہ پی پی 140 کے امیدوار میاں علی بشیر ایڈووکیٹ، حلقہ پی پی 140 کے امیدوار بیرسٹر چودھری طیاب راشد سندھو، امیدوار قومی اسمبلی چودھری ثناء اللہ جٹ، بلال اعجاز چنبل، پارٹی ٹکٹ ہولڈر چودھری معراج خالد گجر، رانا وحید احمد خاں، سردار سرفراز احمد ڈوگر، حلقہ پی پی138 کے امیدوار چودھری اویس عمر ورک، حلقہ پی پی141 کے امیدوار چودھری تنویر احمد ورک، سابق چیئرمین بلدیہ صفدرآبادخالد محمود بھٹی، اوورسیز پاکستانیز تحصیل صفدر آباد کے کوآرڈی نیٹر محمد سرور بھولا ، چودھری اشفاق احمد ورک (یوکے) و دیگر رہنمائوں نے کی۔ دریں اثناء ’’الیکشن کراؤ‘ ملک بچاؤ‘‘ ریلی ایک بار پھر تحریک انصاف کے رہنماؤں کی آپس کی چپقلش کھل کر سامنے آ گئی اور تمام سٹیک ہولڈرز اپنے اپنے گروپس لیکر ریلی میں شریک ہوئے۔ تحریک انصاف کی ’’الیکشن کرائو، ملک بچائو ‘‘ریلی میں نوجوان سے اسلحہ برآمد ہونے پر پولیس اہلکاروں نے نوجوان کو اٹھا کر گاڑی میں پھینک دیا۔ نوجوان کی آوازیں سن کر کارکنان کو معلوم ہوا کہ گرفتار ہونے والا نوجوان پی ٹی آئی رہنما کا گن مین ہے تو انہوں نے نوجوان کو پولیس سے چھڑا لیا۔

مزیدخبریں