لاہور (سپیشل رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ عدالت نے نوٹیفکیشن بھی جاری کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ سموگ کے تدارک سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ممبر جوڈیشل کمشن نے موقف اپنایا کہ عدالتی ہدایت پر محکمہ تعلیم سکولز کو گزشتہ روز لیٹر لکھا، لیکن ابھی تک ان کا چھٹیوں کے بارے میں تحریری نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا ہے۔ جس پر وکیل پنجاب حکومت نے کہا کہ عدالت کی ہدایت پر متعلقہ محکمے کو عدالتی حکم کے بارے میں آگاہ کرتے ہیں اور ان سے تحریری آرڈرز مانگتے ہیں، عدالت جونہی تحریری حکم جاری کرے گی، احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔ عدالت نے محکمہ ماحولیات سے سموگ کی مانیٹرنگ کیلئے کیمروں کی خریداری کے بارے میں تخمینہ لاگت کی رپورٹ مانگ لی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ پی ڈی ایم اے کیمروں کے ذریعے سموگ کی مانیٹرنگ کرے۔ سموگ کو کافی حد تک کنٹرول کیا گیا ہے۔ سموگ پر قابو پانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے سموگ کے باعث تعلیمی ادارے مزید 7 روز کیلئے بند رکھنے کا حکم ملنے پر موسم سرما کی چھٹیوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ موسم سرما کی چھٹیوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن محکمہ سکولز ایجوکیشن نے جاری کیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق چھٹیوں میں 8 جنوری تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔