لاہور (نوائے وقت رپورٹ‘ خصوصی نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی کٹھ پتلیوں نے بی بی کی برسی کے موقع پر تماشہ لگایا، زرداری اور ان کے فرزند نے بھٹو اور بی بی کی سیاسی میراث کو ان کے مزارات میں ہی دفن کر دیا۔ بلاول زرداری کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ این آر او ٹو سے استفادے کیلئے زرداری اور اس کے فرزند نے بھٹو اور بی بی کی سیاست سے یکسر لاتعلقی کا اعلان کیا۔ وفاقِ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو اندرون سندھ کی چند بستیوں تک محدود، مجرموں کی آماجگاہ بنا دیا۔ اقتدار کے حصول کیلئے زرداری اور اس کا فرزند دستور، جمہوریت اور پارلیمان پر کئے جانے والے ہر شرمناک حملے کے سہولت کار بنے، 6 فیصد کی شرح سے ترقی کرتی معیشت کو تباہی کے گھاٹ اتارنے کے جرم میں بھی سہولت کار زرداری اور اس کا فرزند ہیں۔ زرداری اور اس کے فرزند کی سہولت کاری کے باعث 8 ماہ پہلے تک ناپید دہشت گردی پھر سے سر اٹھا رہی ہے، زرداری اور اس کے فرزند کی سہولت کاری سے صوبوں کو ان کے وسائل سے محروم کیا جا رہا ہے۔ فواد چودھری نے کہا ہے کہ ججز کس قانون کے تحت انتظامی معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں، پہلے لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ 10 بجے ریسٹورنٹس بند کر دیں، اب سکول کی چھٹیوں کا فیصلہ کرتے پھر رہے ہیں۔ ان جج صاحبان کو دوبارہ لا سکول میں بھیجنا چاہیے تاکہ یہ پورے 5 سال قانون پڑھیں۔ دریں اثناء سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان سے فواد چوہدری نے گزشتہ روز اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی اعتماد کا ووٹ لینے سمیت دیگر سیاسی امور پر مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک بھی موجود تھے۔
سپیکر،فواد، ملاقات
اسٹیبلشمنٹ کی کٹھ پتلیوں نے بینظیر برسی پر تماشا لگایا، میراث دفن کر دی: فواد چودھری
Dec 28, 2022