لاہور (نیوز رپورٹر ) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی ہدایت پر صوبے میں صحت کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے انقلابی منصوبوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے اور ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے متعدد منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 26 ارب روپے کے ریکارڈ فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ پرویز الٰہی نے 15 ارب روپے سے زائد کے منصوبوں کا آغاز کیا۔ وزیراعلیٰ نے متعدد منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ صحت کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے 26ارب روپے کے فنڈز کی فراہمی ایک ریکارڈ ہے۔ نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان میں ایک ارب 20 کروڑ روپے سے سائبر نائف مشین فراہم کی جا رہی ہے۔ سوا ارب سے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں لینئر ایکسلریٹر مشین سے کینسر کے مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔ ایک ارب 30 کروڑ روپے کی لاگت سے عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال گجرات میں بھی کینسر کے مریضوں کیلئے لینئر ایکسلریٹر مشین نصب کی جائے گی۔ پنجاب میں کارڈیالوجی ہسپتالوں میں جدید مشینری کی فراہمی کے ساتھ ساتھ نیا کارڈیالوجی ہسپتال بنائیں گے۔ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی وزیر آبادکو 5 ارب روپے سے مزید 200 بیڈز اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی وزیر آباد کی توسیع کے لئے 385ملین روپے کی لاگت سے زمین حاصل کی گئی ہے۔ پی آئی سی لاہور میں مریضوں کو ادویات کی فراہمی کیلئے دواخانہ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ 50 کروڑ سے سی ٹی انجیو گرافی مشین اور گیما کیمرہ (تھیلیم سکین) نصب کی جا رہی ہے۔ سرگودھا میں 6ارب روپے کی لاگت سے چودھری انور علی چیمہ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ لیڈی ولنگڈن ہسپتال لاہور میں 5ارب روپے سے 200 بیڈز کا مدر اینڈ چائلڈ بلاک فنکشنل کیا جا رہا ہے۔ جبکہ گجرات میں چلڈرن ہسپتال کے لیے اراضی حاصل کرنے کیلئے 500ملین مختص کئے گئے ہیں۔ چلڈرن ہسپتال لاہور میں 2ارب روپے سے جدید ریڈیو تھراپی یونٹ قائم کیا جا رہا ہے۔ جبکہ پنجاب تھیلیسیمیا پروگرام کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے اور اس مقصد کیلئے 346 ملین روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے 26 ارب کے فنڈز عوامی حکومت کا تحفہ ہے۔ 4 ماہ کے دوران شعبہ صحت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے تیز رفتاری سے کام کیا ہے۔ علاوہ ازیں پرویز الٰہی، مونس الٰہی اور ایم این اے حسین الٰہی سے باکسر عامر خان نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں باکسنگ ایرینا اور جم بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان پاکستان کا فخر ہیں، دنیا میں ملک کا نام روشن کررہے ہیں۔ سپورٹس میں صرف کرکٹ ہی نہیں ہر کھیل پر توجہ دینا ضروری ہے۔ پنجاب میں باکسنگ کے فروغ کے لئے تمام تر ممکنہ سہولتیں فراہم کریں گے۔ 2ارب روپے کے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ سے کھلاڑیوں کوسکالر شپ دیں گے۔
پرویز الٰہی