سازش سے آنے والا بھان متی کا کنبہ حکومت  چلانے میں ناکام ہو چکا: مسرت چیمہ 

Dec 28, 2022


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) بھان متی کا کنبہ سازش کا حصہ بن کر اقتدار میں توآگیا مگر حکومت چلانے میں مکمل ناکام ہوچکا ہے۔ پاکستانیوں کی اکثریت غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہے۔ ملک دیوالیہ ہی ہو گا جب زر بابا اور لاتعداد چوروں کی کابینہ عوامی منصوبوں کے پیسے ہڑپ کر رہی ہو۔  آزاد اور خودمختار پاکستان کی خواہش ہر پاکستانی کے دل میں ہے جسے پورا کرنے کیلئے کپتان قوم کی حقیقی آزادی و خودمختاری کی جنگ لڑ رہا ہے۔ یہ بات ترجمان وزیر اعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا امپورٹڈ حکومت جانتی ہے اسے عوامی عدالت سے کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔ اسی لیے یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔کراچی اور اسلام آباد کا الیکشن ملتوی ، پنجاب اور خیبرپی کے  کے الیکشن سے راہ فرار اختیار کی گئی۔ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کر کے الیکشن کمیشن نے امپورٹڈ سرکار کو وقتی طور پر شکست فاش سے بچا لیا۔  عدالت نے توشہ خانہ کا تمام ریکارڈ طلب کیا تو الیکشن کمیشن میں لیگی ایم این اے نے عمران خان کے خلاف کیس ہی واپس لے لیا۔ اگر ان چوروں کے نمبر پورے ہوتے تو وزیر اعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد واپس نہ لینی پڑتی۔ عطا تارڑ کے بیان سے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ میں لوٹا کریسی کی بو آ رہی ہے۔ 
مسرت چیمہ 

مزیدخبریں