کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہے کہ ضلع شرقی کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت، اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی، گرین بیلٹ میں سبزہ کاری، سڑکوں کے اطراف سے تجاوزات کے خاتمے سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کو ہنگامی بنیادوں پر انجام دیا جائے، اگر ہم شہریوں کو ریلیف فراہم نہیں کرسکے تو ساری محنت بیکار ہے، ہمارا کام شہر کی خدمت کرنا اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا ہے، ا ن خیالات کا اظہار انہو ں نے منگل کے روز ضلع شرقی کے مختلف علا قوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کہی۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے راشد منہاس روڈ، سر شاہ سلمان روڈ، یونیورسٹی روڈ، شارع فیصل، شہید ملت روڈ،شاہراہ قائدین سمیت دیگر سڑکوں کا دورہ کیا، انہو ں نے کہا کہ یہ ساری سڑکیں درست حالت میں ہونی چاہئے اور سڑکوں کے دونوں اطراف سے تجاوزات کو ختم کیا جانا چاہئے، گرین بیلٹ پر سبزہ کاری اور شجر کاری ہونی چاہئے، انہو ں نے کہا کہ شارع فیصل کی حالت دیکھ کر افسوس ہوتا ہے یہ ایئر پورٹ آنے جانے کے لئے استعمال ہوتا ہے جس پر غیر ملکی مسافر بھی بڑی تعداد میں سفر کرتے ہیں، شارع فیصل کو ایک ماڈل سڑک کے طور پر دیکھ بھال کی جائے، جو علاقے کے ایم سی کی حدود میں آتے ہیں ان کی حالت کو بہتر کیا جائے، انہو ں نے یہ بھی ہدایت کی کہ سڑکوں پر لگے ہوئے پھٹے پرانے تمام بینرز، پرچم، اور دیگر اشتہاری مواد کو فور ی طور پر ہٹا دیا جائے، انہو ں نے کہا کہ پھٹے پرانے پرچم لگے ہونے سے پاکستانی پرچم کا تقدس برقرار نہیں رہتا، کے ایم سی کی زیر انتظام تمام سڑکوں سے انہیں ہٹا لیا جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ڈائریکٹر جنرل پارکس کو ہدایت کی کہ وہ تمام نرسیوں میں موجود پودوں کو لا کر سڑکوں کے اطراف لگائیں اور کسی بھی قسم کا کوئی بھی پودا کے ایم سی کی نرسیوں میں نہ رکھا جائے، انہو ں نے کہا کہ موسم سرما کے پھولوں سے بھی شاہراں کو سجایا جائے، انہو ں نے کہا کہ جن درختوں کی ابھی تک کانٹ چھانٹ شروع نہیں ہوئی انہیں شروع کریں، کے ایم سی کی تمام شاہراہوں بے ہنگم پودوں کو بالترتیب بہتر شکل دی جائے، کے ایم سی کے پاس ملازمین کی کمی نہیں ہے، انہیں فعال کرنے کی ضرورت ہے اور ایسی لیڈر شپ کی ضرورت ہے جو ان سے بہتر انداز میں کام لے سکے، انہو ں نے محکمہ جاتی سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے محکمے کو منظم کریں اور وسائل کو بہتر انداز میں شہر پر خرچ کریں، انہوں نے کہا کہ ہمارا کام او ر مقصد صرف اور صرف شہر اور شہریوں کی خدمت ہوناچاہئے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے زیر تعمیر الہ دین پارک کا بھی دورہ کیا او ر پارک میں مختلف کاموں کو بہتر کرنے کی ہدایت کی جبکہ اس ہنگامی دورے میں ایڈمنسٹریٹر کراچی جیل چورنگی کے قریب مسمار کئے گئے غیر قانونی ہائیڈرینٹ کو بھی دیکھنے گئے جہاں سے اب تمام دیواروں اور جھاڑیوں کو ختم کردیا گیا ہے اور انہو ں نے ڈائریکٹر جنرل پارکس کو ہدایت کی کہ یہاں ایک بہترین پارک بنانے کے لئے فوری طور پر شجر کی جائے اور شہریوں کے بیٹھنے کے لئے بنچز لگائیں تاکہ یہاں دوبارہ غیر قانونی سرگرمیاں شروع نہ ہوسکیں، انہو ں نے کہا کہ جو لوگ تجاوزات قائم کئے ہوئے ہیں میں ان سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ وہ تجاوزات کے خاتمے میں کے ایم سی کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہر کا ایک بہتر امیج سامنے آسکے۔